Wednesday , December 13 2017
Home / اضلاع کی خبریں / زراعت کیلئے جورالہ ڈیم سے پانی کی سربراہی

زراعت کیلئے جورالہ ڈیم سے پانی کی سربراہی

کسانوں کی نمائندگی پر ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ کا اقدام
گدوال۔/20جنوری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے گدوال کا دورہ کرتے ہوئے جورالہ پراجکٹ پہنچ کر دونوں کنالوں میں پانی چھوڑا۔ انہوں نے کسانوں کی نمائندگی بالخصوص چنے کے کاشتکاروں کے مسائل کی سماعت کی۔ کسانوں نے بتایا کہ فصل آخری مرحلے میں ہے اور کٹوائی کا وقت بالکل قریب ہے۔ کنالوں میں فوری پانی نہ چھوڑا گیا تو فصلیں خشک ہوجائیں گی اور کسانوں کے بڑے نقصانات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس نمائندگی پر ریاستی وزیر نے جورالہ ڈیم پہنچ کر معلوم کیا کہ فی الوقت ڈیم میں پانی کی سطح کیا ہے۔ اندرا پریہ درشنی جورالہ ڈیم کے سی ای کھاکیندر اور ای ای سرینواس نے وزیر کو بتایا کہ فی الوقت ڈیم میں صرف 5.03 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے ڈیمس سے پانی بالکل ہی نہیں چھوڑا جارہا ہے جس کی وجہ سے پہلی مرتبہ جورالہ خشک ہونے کے قریب ہے۔ کافی غور و خوض کے بعد فصلوں کو نقصان ہونے سے بچانے انہوں نے 5ٹی ایم سی پانی کے ذخیرے سے ایک ٹی ایم سی پانی ایک ہفتہ کی مدت میں تھوڑا تھوڑا کرکے چھوڑنے کی ہدایت دی۔ کرشنا راؤ نے پہلے مرحلہ کے طور پر راست کنال کے لئے 500 کیوزک پانی اور لفٹ کنال کیلئے 1000 کیوزک پانی چھوڑنے کی ہدایت دی۔ جس پر کسانوں نے اطمینان کی سانس لی اور امید ظاہر کی کہ چنے کی فصل بچ جائے گی۔ اس موقع پر وزیر موصوف کے ساتھ ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر اور دیگر عہدیداران کے علاوہ پارٹی قائدین موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT