Friday , November 24 2017
Home / دنیا / زرداری سے ملاقات کیلئے نواز شریف کے دورۂ لندن کی تردید

زرداری سے ملاقات کیلئے نواز شریف کے دورۂ لندن کی تردید

طبی معائنہ سفر کا مقصد ، پناما اسکام سے پاکستانی سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل
لندن۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاناما پیپرس کے انکشافات کے بعد سیاسی بحران میں گھرے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف چہارشنبہ کو طبی معائنے کے لیے لندن پہنچ رہے ہیں۔نواز شریف کے قریبی حلقوں کا اصرار ہے کہ وہ لندن میں اپنے قیام کے دوران کوئی سیاسی ملاقات اور سرکاری کام انجام نہ دیں اور ان کا دورہ صرف طبی معائنے کے لیے ہے۔دوسری جانب پاکستان کی سینیٹ میں قائد اپوزیشن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتراز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف پیپلز پارٹی کے صدرنشین آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے کیلئے لندن جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاناما لیکس سے پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے بعد سے وزیر اعظم نواز شریف اپنے سیاسی گڑھ ’’لاہور‘‘ سے باہر نہیں نکلے اور ان کی کئی اہم سرکاری مصروفیات اور دوروں کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نواز شریف لاہور میں قیام کے دوران اپنے قریبی رفقاء سے صلاح و مشورے کرتے رہے۔ نواز شریف کو چند دن قبل پاکستان فضائیہ میں نئے طیاروں کی شمولیت اور تھر کول منصوبے کے حوالے سے اہم تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے کراچی جانا تھا لیکن وہ دورہ بھی منسوخ کر دیا گیا۔وزیر اعظم نے ترکی کا اہم دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا اور ان کی جگہ صدر ممنون حسین ترکی روانہ ہو گئے تھے۔اس دوران نواز شریف کے قریبی ساتھی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے مذاکرات کے لیے امریکہ جانا تھا لیکن وزیر خزانہ کا دورہ بھی منسوخ کر دیا گیا۔گذشتہ روز گوادر میں ایک اہم سیمینار میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی عدم شرکت بھی مبصرین کیلئے انتہائی حیران کن تھی۔

TOPPOPULARRECENT