Wednesday , November 14 2018
Home / کھیل کی خبریں / زمبابوے سے آج پہلا ونڈے،پاکستان کو پانچویں مقام کا خطرہ

زمبابوے سے آج پہلا ونڈے،پاکستان کو پانچویں مقام کا خطرہ

کراچی۔11جولائی(سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں اپنا پانچواں مقام برقرار رکھنے کیلئے زمبابوے کیخلاف سیریز میں کامیابی یقینی بنانی ہو گی۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ونڈے درجہ بندی کے مطابق پاکستان کو زمبابوے کے خلاف 4-1 سے کامیابی حاصل کرنی ہو گی تاکہ وہ اپنا پانچواں مقام مستحکم کر سکے۔ دوسری صورت میں ا س سے یہ مقام چھن بھی سکتا ہے۔ اگر زمبابوے یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا تو وہ افغانستان کو دسویں مقام سے محروم کر دے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان 102نشانات کے ساتھ پانچویں اور زمبابوے 55 نشانات کے ساتھ گیارہویں مقام پر ہے۔ آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں انگلینڈ 126نشانات کے ساتھ پہلے، ہندوستان 122 نشانات کے ساتھ دوسرے، جنوبی افریقہ 113 نشانات کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ 112 نشانات کے ساتھ چوتھے جبکہ آسٹریلیا 100 نشانات کی بدولت چھٹے مقام پر ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان صرف دو نشانات کا فرق ہے۔اس لئے زمبابوے سے شکست کی صورت میں پاکستان کی ایک درجہ تنزلی کا بھی خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جمعہ کو پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کا آغاز ہو گا۔انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان بھی کل ونڈے سیریز شروع ہوگی جس میں ہندوستانی ٹیم کے پاس بھی کامیابی حاصل کر کے پہلا مقام حاصل کرنے کا موقع ہے۔ بیٹنگ درجہ بندی میں ویراٹ کوہلی پہلے، پاکستان کے بابر اعظم دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تیسرے مقام پر ہیں۔ بولروں کی درجہ بندی میں ہندوستان کے جسپریت بمراہ پہلے، افغانستان کے راشد خان دوسرے جبکہ پاکستان کے حسن علی تیسرے مقام پر فائز ہیں۔

TOPPOPULARRECENT