Tuesday , December 11 2018

زندہ دلان حیدرآباد کی دو روزہ سالانہ تقاریب کا آج ادبی اجلاس سے آغاز

لندن کی ادبی سرگرمیوں کے روح رواں مصطفی شہاب کی شرکت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : زندہ دلان حیدرآباد کی دو روزہ سالانہ تقاریب کا آج شام 6 بجے تلگو یونیورسٹی آڈیٹوریم نامپلی میں ادبی اجلاس سے آغاز ہوگا ۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر محمد علی رفعت آئی اے ایس صدر زندہ دلان حیدرآباد کریں گے ۔ پروفیسر م ن سعید ( بنگلور ) مہمان خصوصی ہوں گے ۔ ادبی اجلاس میں ملک کے ممتاز و مایہ ناز مزاح نگار مسرز ڈاکٹر فیاض احمد فیضی ( ممبئی ) ، اسد رضا ( دہلی ) ، ڈاکٹر فرزانہ فرح ( بھٹکل ) ، رؤف خوشتر ( بیجاپور ) ، ڈاکٹر عباس متقی ، ڈاکٹر ممتاز مہدی اور ڈاکٹر علیم خاں فلکی اپنے طنز و مزاح سے بھر پور مضامین سنائیں گے ۔ یہ مضامین اتنے پر مزاح ہوتے ہیں کہ سامعین داد و تحسین سے نوازتے ہوئے مسلسل قہقہے لگانے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔ جس کے باعث زندہ دلان حیدرآباد کے اس ادبی اجلاس کو عالمی شہرت حاصل ہے ۔ ادبی اجلاس کے کنوینر ڈاکٹر علیم خاں فلکی ہیں ۔ دو روزہ تقاریب کے دوسرے اور آخری دن یعنی ہفتہ 25 نومبر کو 10-30 بجے دن اسی مقام پر پروفیسر احمد اللہ خاں کی صدارت میں محفل لطیفہ منعقد ہوگی ۔ لندن کی ادبی سرگرمیوں کے روح رواں و ممتاز شاعر مصطفی شہاب مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس محفل میں ممتاز و معروف لطیفہ گو حضرات اپنے دلچسپ لطیفے پیش کریں گے ۔ جناب سردار اثر کنوینر محفل لطیفہ ہیں ۔ اسی دن شام 7-30 بجے تلگو للت کلاتھورانم ، باغ عامہ ، نامپلی میں جناب زاہد علی خاں مدیر اعلیٰ روزنامہ سیاست کی صدارت میں کل ہند مزاحیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جناب شفیق الزماں آئی اے ایس ، جناب راجیو رتن آئی پی ایس ، ڈائرکٹر جنرل تلنگانہ فائر سرویس مہمانان خصوصی اور پروفیسر ایس اے شکور مہمان اعزازی ہوں گے ۔ اس مشاعرے میں عالمی شہرت یافتہ شعراء اور ممتاز میزبان شعراء اپنا تازہ مزاحیہ کلام سنائیں گے ۔ ڈاکٹر معین امر بمبو کنوینر اور فیروز رشید ناظم مشاعرہ ہیں ۔ داخلہ مفت رہے گا ۔ ان دو روزہ تقاریب کو نواب شاہ عالم خاں صاحب کے نام معنون کیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT