Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / زندہ دلان حیدرآباد کے زیر اہتمام کل ہند مزاحیہ مشاعرہ و ادبی اجلاس

زندہ دلان حیدرآباد کے زیر اہتمام کل ہند مزاحیہ مشاعرہ و ادبی اجلاس

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : شہر قطب کی تابندہ فضاؤں میں جہاں مختلف ادبی سرگرمیاں جاری و ساری رہتی ہیں وہیں پر زندہ دلان حیدرآباد نے سرزمین دکن پر کل ہند مزاحیہ مشاعروں کی ایک تاریخ بنائی ہے ۔ بے شمار مسائل کے باوجود مزاحیہ تخلیقات کے ذریعہ ہنسنے ہنسانے کے مواقع فراہم کرنا زندہ دلان حیدرآباد کا وتیرہ رہا ہے ۔ چنانچہ 9 اکٹوبر کی شام سات بجے نامور مزاح نگار پدم شری مجتبیٰ حسین کی صدارت میں ادبی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس میں ملک کے معروف مزاح نگار ڈاکٹر فرزانہ فرح (بھٹکل ) ، الیاس صدیقی ( مالیگاؤں ) ، مسرور شاہجہاں پوری ، ڈاکٹر سید عباس متقی ، ڈاکٹر محمد علی رفعت ، سید امتیاز الدین ، اور حمید عادل اپنی مزاحیہ نگارشات پیش کرینگے ۔ نظامت سید امتیاز الدین کی ہوگی ۔ 10 اکٹوبر ہفتہ کی رات 8 بجے کل ہند مزاحیہ مشاعرہ بمقام للت کلاتھورانم باغ عامہ میں منعقد ہوگا ۔ صدارت جناب زاہد علی خاں مدیر اعلی روزنامہ سیاست کرینگے ۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مہمان خصوصی ہونگے جبکہ پروفیسر ایس اے شکور ناظم و معتمد تلنگانہ اردو اکیڈیمی مشاعرے کے مہمان اعزازی ہیں ۔ اس مشاعرے میں ملک کے ممتاز مزاحیہ سخنوران سنیل کمار تنگ ، مختار یوسفی ، کلیم ثمر بدایونی ، مسرور شاہجہاں پوری ، زینت احسان قریشی ، نشتر امروہی ، تمیز احمد پرواز ، بے دھڑک مدراسی ، شیخ نظامی ، چچا پالموری ، اقبال شانہ ، ٹیپکل جگتیال ، مصطفی علی بیگ ، ڈاکٹر محمد علی رفعت ، شاہد عدیلی ، فرید سحر ، سردار اثر ، ڈاکٹر معین امر بمبو ، وحید پاشاہ قادری ، نریندر رائے اور نجیب احمد نجیب اپنے سخن کے موتی لٹائیں گے ۔ نظامت فیروز رشید کی ہوگی۔ داخلہ مفت رہے گا ۔

TOPPOPULARRECENT