Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / زومیں ایک شخص حالت نشہ میں آفریقی ببر جوڑے کے قریب پہونچ گیا

زومیں ایک شخص حالت نشہ میں آفریقی ببر جوڑے کے قریب پہونچ گیا

حیدرآباد ۔ /22 مئی (سیاست نیوز) ایک انسان اور ببر کا آج آمنا سامنا ہوگیا لیکن انسان کی یہ خوش قسمتی تھی کہ اس کی جان بچ گئی ۔ یہ حیرت انگیز واقعہ نہروزوالوجیکل پارک میں پیش آیا جس کی وجہ سے سنسنی پھیل گئی تھی ۔ راجستھان کے ضلع اردیا سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ مکیش کمار نے حالت نشہ میں زو کے آفریقی ببر جوڑے کے احاطہ میں چھلانگ لگادی ۔ یہ دیکھتے ہی وہاں موجود لوگ حیرت اور خوف کے عالم میں چیخ و پکار کرنے لگے ۔ مکیش کمار دیکھتے ہی دیکھتے احاطہ میں موجود پانی کو عبور کرتے ہوئے ببر جوڑے کے قریب پہونچ گیا اور دونوں کا آمنا سامنا ہورہا تھا ۔ اس وقت وہ ببر کو ڈرا دھمکا رہا تھا ۔ جو لوگ یہ حیرت انگيز تماشہ دیکھ رہے تھے انہوں نے ببر جوڑے کی طرف پتھر پھینکنے شروع کئے جس کی وجہ سے وہ جانوروں کیلئے بنائی گئی گوی میں چلے گئے ۔ اس کے بعد مکیش کمار تیرتے ہوئے وہاں موجود عوام کے قریب پہونچا جنہوں نے ایک رسی کی مدد سے اسے باہر نکالا ۔ اس کی جان بچنے پر وہاں موجود عوام نے راحت کی سانس لی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اسے ایک نئی زندگی ملی ہے ۔ مکیش کمار ایل این ٹی کے تحت میٹرو ریل پراجکٹ میں مزدور کا کام کرتا ہے اور آج وہ تفریح کی غرض سے اپنے دوست کے ہمراہ زو گیا تھا جہاں حالت نشہ میں اس نے اپنی زندگی کو جوکھم میں ڈال لیا لیکن جب نشہ اترا تو اسے شائد اپنی حماقت کا احساس ہوا ہوگا ۔ ببر جوڑے کی دیکھ بھال کرنے والے ملازم پاپیا نے جانوروں کو ان کی گوی میں بند کردیا اور بعد ازاں زو حکام نے وہاں کی سکیورٹی کی مدد سے مکیش کمار کو پکڑ کر بہادر پورہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ انسپکٹر بہادر پورہ پولیس اسٹیشن مسٹر ہریش کوشک نے بتایا کہ مکیش کمار حالت نشہ میں زو میں داخل ہوا تھا اور اس نے اچانک ببر کے احاطہ میں چھلانگ لگادی تھی جس کے سبب اس کے خلاف غیرقانونی طور پر ببر کے احاطہ میں داخل ہونے پر وائیلڈ لائف ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT