Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / زونل سسٹم کی برخواستگی ‘ چیف منسٹر پر تنقید

زونل سسٹم کی برخواستگی ‘ چیف منسٹر پر تنقید

بیروزگار نوجوانوں کیلئے جدوجہد کی جائیگی ۔ ریونت ریڈی
حیدرآباد 24 ڈسمبر ( این ایس ایس ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ ریاست میں زونل سسٹم کی برخواستگی سے دیہی علاقوں کے بے روزگار نوجوانوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا تلنگانہ تلگودیشم کے ورکنگ صدر ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر کچھ کارپوریٹ تعلیمی اداروں کے دباؤ میں زونل سسٹم برخواست کرنے کا الزام عائد کیا ۔ این ٹی آر بھون میں تلنگانہ تلگودیشم لیگل سیل کے قیام کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے زونل سسٹم کی برخواستگی کے چیف منسٹر کے فیصلے پر اعتراض کیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے دیہی علاقوں کے بیروزگار نوجوانوں کی جانب سے قانونی جدوجہد کا آعاز کیا جائیگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ زونل سسٹم دانشوروں سے تبادلہ خیال اور مشاورت کے بعد شروع کیا گیا تھا ۔ دانشوروںکا خیال تھا کہ دیہی علاقوں کے نوجوان اپنے شہری علاقوں کے نوجوانوں سے روزگار کے معاملہ میں مسابقت نہیں کرسکتے ۔ دیہی علاقوں کے نوجوانوں سے ناانصافی کو روکنے کیلئے زونل سسٹم متعارف کروایا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے تقررات اور تبادلے زونل نظام کے تحت کئے جاتے تھے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نے اضلاع کی جلد بازی میں تنظیم جدید کے بعد زونل سسٹم کو برخواست کردیا تاکہ مستقبل میں قانونی کشاکش سے بچ سکیں۔ قبل ازیں تلنگانہ تلگودیشم لیڈر جی گرومورتی کو لیگل سیل کے صدر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT