Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / زچگی خانہ کو ترقی دینے حکومت کا منصوبہ

زچگی خانہ کو ترقی دینے حکومت کا منصوبہ

پولیس ٹرانسپورٹ کی اراضی حاصل کرنے کوشش : وزیر صحت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حکومت پیٹلہ برج زچگی خانہ سے متصل پولیس ٹرانسپورٹ کی جائیداد حاصل کرنے کوشاں ہے ۔ دو ایکڑ اراضی کی دواخانوں کو حوالگی اور توسیعی منصوبہ پر عمل آوری کے متعلق مشاورت جاری ہے ۔ وزیر صحت کے لکشما ریڈی نے جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن کونسل کی جانب سے زچگی خانہ میں سہولتوں کی فراہمی ، توسیعی منصوبہ اور اراضی کی حوالگی کے متعلق سوال کے جواب میں یہ بات بتائی ۔ جناب محمد علی شبیر نے بتایا کہ سلطنت آصفیہ کے دور حکومت میں قائم کردہ زچگی خانہ کی جائیداد عدالت العالیہ کی توسیع کیلئے حاصل کی گئی تھی اور اس زچگی خانہ کو موجودہ مقام پر منتقل کیا گیا تھا ۔انہوں نے دواخانہ میں مریضوں اور تیمار داروں کیلئے سہولتوں کی عدم موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ آیا سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی اقدامات کئے جارہے ہیں ؟ جناب شبیر نے کہا کہ متصل اراضی حاصل کرکے مریضوں کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شخصی طور پر دواخانہ کا معائنہ کرچکے ہیں اور یہ انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ دواخانہ میں 150 تا 200 مریض علاج کے منتظر رہتے ہیں ۔ انہیں بہتر انتظار گاہ فراہم کی جانی چاہئے ۔ مسٹر کے لکشما ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی پولیس ٹرانسپورٹ سے بات کررہی ہے تاکہ 2 ایکڑ اراضی حاصل کرکے دواخانہ کو حوالے کی جائیں ۔ علاوہ ازیں موجودہ جائیداد میں توسیعی بلاکس کی تعمیر کا عمل بھی جلد شروع کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔ وزیر صحت نے بتایا کہ مریضوں کو کسی بھی معائنہ کیلئے بیرون دواخانہ نہ جانا پڑے اسکے انتظامات کئے جارہے ہیں اور زچگی خانہ کی ترقی کو یقینی بنانے جدید عصری آلات کی خریدی و ماڈرن ڈیلیوری روم کی تعمیر زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کے طبی معائنوں کو اندرون دواخانہ یقینی بنانے کی سنجیدہ کوشش کی جارہی ہیں تاکہ مریضوں کو دیگر ڈائگناسٹک سنٹرس سے رجوع نہ ہونا پڑے ۔

TOPPOPULARRECENT