Thursday , August 16 2018
Home / شہر کی خبریں / زچہ اور بچہ کی حفاظت کے لیے دواخانوں میں بستروں کا اضافہ

زچہ اور بچہ کی حفاظت کے لیے دواخانوں میں بستروں کا اضافہ

حکومت تلنگانہ کی صحت عامہ پر توجہ ، 84 کروڑ روپیوں کا بجٹ مقرر
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے زچہ اور بچہ کے تحفظ کے لیے مزید 3000 بیڈس کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے ۔ کے سی آر کٹس کی کامیاب تقسیم کی وجہ سے 27 جدید ایم سی ایچ مراکز کے قیام کے ذریعہ ہر ایک سنٹر میں 100 بیڈس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ دواخانہ گاندھی میں زچگیوں کی تعداد میں کافی اضافہ سے یہاں زچہ بچہ حفظان صحت کے تحت مزید 300 بیڈس کے انتظام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حالیہ دنوں منعقدہ محکمہ صحت کے اعلی عہدیداران کے اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے عہدیداران کو اس ضمن میں اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ واضح ہو کہ ریاستی سطح پر حیدرآباد میں 4 ، ورنگل میں 2 اور مختلف اضلاع میں جملہ 23 زچگی خانے موجود ہیں اور چند دن قبل محبوب نگر، نلگنڈہ ، سنگاریڈی ، جنگاؤں ،کھمم ، کریم نگر ، تانڈور ، کنگ کوٹھی ( حیدرآباد ) ، میں ایم سی ایچ سنٹرس کی تعمیر کا آغاز کیا جاچکا ہے اور 29 نومبر سے جنگاؤں ایم سی ایچ سنٹر کو شروع کرنے کا عہدیداران نے فیصلہ کیا ہے ۔ فی الحال خدمات انجام دے رہے ایم سی ایچ سنٹرس کے ساتھ 50 بیڈس پر مشتمل کاماریڈی ، ایٹورو ناگارم ، سوریا پیٹ ، منتھنی اور اچم پیٹ میں جدید ایم سی ایچ سنٹرس تعمیر کرنے کا دو ماہ قبل ہوئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا اور ہر ایک سنٹر کے لیے 7 کروڑ روپئے قومی صحت مشن کے فنڈ سے مختص کئے گئے تھے اور ان مقامات پر کام جنگی خطوط پر جاری ہے ۔ اسی دوران قومی صحت مشن کی جانب سے ونپرتی ، میدک ، منچریال ، پدا پلی ، جگتیال ، کتہ گوڑم اور بانسواڑہ میں مزید 7 ، ایم سی ایچ سنٹرس کے قیام کے لیے دوسری مرتبہ اجازت دی گئی ۔ منجملہ 12 ایم سی ایچ سنٹرس 100 بیڈس پر مشتمل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان تمام سنٹرس کے لیے قومی صحت مشن کے فنڈس سے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مزید 15 ایم سی ایچ سنٹرس کا قیام ریاستی حکومت کے فنڈس عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اور یہ سنٹرس گدوال ، محبوب آباد ، بھونگیر ، نرمل ، عادل آباد ، ملک پیٹ ، نامپلی ، نارائن پیٹ ، گوداوری کھنی ، سرسلہ ، ناگر کرنول ، ظہیر آباد ، شاد نگر ، آصف آباد اور کورٹلہ میں 100 بیڈس پر مشتمل ایم سی ایچ سنٹرس کے قیام کے لیے محکمہ صحت نے پلان تیار کیا ہے ۔ عہدیداران نے 15 سنٹرس کے لیے 150 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ لگایا ہے ۔ عنقریب ان سفارشات کی منظوری کے لیے عہدیداران وزیر اعلیٰ کے سی آر کے پاس فائل روانہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں ان تمام سنٹرس کی تعمیر مکمل ہونے پر 3000 بیڈس دستیاب ہوں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT