Saturday , December 16 2017
Home / جرائم و حادثات / زیورات کو پالش کے بہانے لوٹنے والے دھوکہ بازگرفتار

زیورات کو پالش کے بہانے لوٹنے والے دھوکہ بازگرفتار

ملزمین 33 واقعات میں ملوث ، ڈی سی پی ایسٹ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔20 جون (سیاست نیوز) طلائی زیورات کو پالش کرنے کے بہانے توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹنے والے پانچ رکنی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو ایسٹ زون پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ سعید آباد کے ایڈیشنل انسپکٹر کے ناگیشور رائو اور ایسٹ زون کے ایڈیشنل انسپکٹر ایم راما کرشنا اور ان کی ٹیم نے بہار سے تعلق رکھنے والے پانچ دھوکے بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 38 سالہ رنجیت شاہ ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں 35 سالہ کنہیا پرساد، سنیل کمار ساہ، بم بم ساہ، اجئے مانڈل اور مکیش کمار کی مدد سے حیدرآباد و سائبرآباد کمشنریٹ حدود کے علاوہ عادل آباد ، نظام آباد اور مہاراشٹرا کے ناگپور ، ناشک علاقوں میں عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات لے کر فرار ہوگئے تھے۔ ڈی سی پی ایسٹ زون نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمین خود کو اجالہ شائن ایجنٹس ظاہر کرتے ہوئے طلائی زیورات کی پالش کے بہانے توجہ ہٹاکر خواتین کے زیورات کو لوٹ لیا کرتے تھے۔ گرفتار ملزمین نے حیدرآباد و سائبرآباد میں جملہ 33 دھوکہ دہی کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 1008 گرام مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ دھوکہ بازوں کے ریاکٹ کو بے نقاب کرنے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس عہدیداروں کو انعام دیا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT