Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / سابرمتی ندی کی طرح موسیٰ ندی کی صفائی کا پراجکٹ

سابرمتی ندی کی طرح موسیٰ ندی کی صفائی کا پراجکٹ

پارکس اور تفریحی مراکز کے قیام کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حکومت موسیٰ ندی کو گجرات کی دریائے سابرمتی کے طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حال ہی میں تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم نے احمد آباد اور گجرات کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا ۔ احمد آباد میں سابرمتی ریور فرنٹ پراجکٹ کی ترقی اور اسے اصلی بنانے کے کام سے متاثر ہوکر تلنگانہ کے عہدیدار اس سلسلہ میں بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو مکتوب روانہ کریں گے جس میں موسیٰ ندی کی ترقی اسی طرز پر انجام دینے کی سفارش کی جائے گی۔ سابرمتی دریا احمد آباد شہر سے گزرتی ہے۔ ٹھیک اسی طرح جس طرح موسیٰ ندی حیدرآباد کے درمیان سے گزرتی ہے۔ ایک مرحلہ پر سابرمتی میں آلودگی کی سطح کافی بلند تھی۔ تاہم مقامی حکام نے بعض پراجکٹس پر عمل کرتے ہوئے اس پر قابو پایا ۔ اسٹڈی ٹیم میں شامل عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسیٰ ندی کی ترقی بھی اسی طرز پر کی جاسکتی ہے اور اسے خوبصورت بنانے کا کام انجام دیا جاسکتا ہے۔ یہ ٹیم موسیٰ ندی میں سیویج واٹر کو روکنے اور موسیٰ ندی میں ملانے کے بجائے ندی کے دونوں جانب علحدہ متوازی سیویج لائین کی تعمیر کی سفارش کرے گی۔ ندی پر 10 سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کرنے کی تجویز ہے اور اس میں صاف کیا گیا پانی موسیٰ ندی میں چھوڑا جائے گا۔ موسیٰ ندی پر غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی کے تحت پارک اور تفریحی مراکز کے قیام کی تجویز ہے۔ موسیٰ ندی کے کنارہ واقع سلم علاقوں کے عوام کی بازآبادکاری کی جائے گی ۔ چند ماہ قبل سابرمتی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے پریزینٹیشن دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT