Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / سابق اسپیکر لوک سبھا پی اے سنگما کا انتقال

سابق اسپیکر لوک سبھا پی اے سنگما کا انتقال

نئی دہلی۔/4مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق اسپیکرلوک سبھا پی اے سنگما کا آج صبح قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوگیا۔ 68سالہ سنگما میگھالیہ میں پارلیمانی حلقہ تورا سے 9مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔ انہیں شمال مشرقی ریاستوں سے اسپیکر لوک سبھا کے عہدہ  پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل تھا ۔ اسپیکر لوک سبھاسمترا مہاجن کو سنگما کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی ان کے سوگ میں ایوان کی کارروائی ایک دن کیلئے ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا میں پروٹوکال کے قطع نظر لنچ وقفہ کے فوری بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی تاکہ ارکان سنگما کو خراج عقیدت پیش کرسکیں۔ پسماندگان میں اہلیہ، 2لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ سنگما نے اپنا سیاسی کیریئر کانگریس سے شروع کیا اور 1984 میں راجیو گاندھی حکومت میں وہ مملکتی وزیر بعد ازاں نرسمہا راؤ کی حکومت میں وزیر لیبر بنائے گئے تھے۔ علاوہ ازیں اٹل بہاری واجپائی حکومت کی 13روزہ حکومت کی تشکیل سے قبل کانگریس امیدوار کی حیثیت سے سنگما کو اسپیکر لوک سبھا کی حیثیت سے قبول کرلیا گیا تھا لیکن انہوں نے سونیاگاندھی کی بیرونی نژاد شخصیت کے مسئلہ پر شرد پوار کے ساتھ کانگریس سے بغاوت کردی تھی اور دونوں نے ملکر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی قائم کی تھی ۔ ممبئی کارپوریشن کے انتخابات میں پرنب مکرجی کے خلاف بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنے پر سنگما کو این سی پی سے خارج کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے ترنمول نیشنلسٹ کانگریس پارٹی تشکیل دی۔

TOPPOPULARRECENT