Tuesday , November 13 2018
Home / کھیل کی خبریں / سابق بولر زوئیسا پرفکسنگ کا الزام

سابق بولر زوئیسا پرفکسنگ کا الزام

کولمبو۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ کی مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں اور سابق کپتان سنت جے سوریا کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک اور سابق کرکٹر نووان زوئیسا کو اینٹی کرپشن کوڈ (اے سی سی ) کی خلاف ورزی پر چارج شیٹ کے بعد معطل کردیا ہے۔ سری لنکا کے سابق فاسٹ بولر زوئیسا نے اپنی ٹیم کے ساتھ کوچ کی حیثیت سے توکام نہیں کیا لیکن وہ اے ٹیم کی کوچنگ کرنے کے ساتھ ان کے ہمراہ رواں سال ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ زوئیسا پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے جس کے بعد سری لنکن کرکٹ نے انہیں فوری طور پر ’رخصت‘ پر بھیج دیا ہے۔ انہوں نے 2015 میں فاسٹ بولنگ کوچ کی حیثیت سے کیمپ کا انعقاد کیا تھا جبکہ وہ ہندوستان میں گوا ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔ زوئیسا پر الزام ہے کہ انہوں نے فکسنگ کے ذریعے بین الاقوامی میچ کا نتیجہ بدلنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں کو فکسنگ پر اکسایا اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو میچ فکسنگ کی پیشکش کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔یہ ایک ماہ میں دوسرا واقعہ ہے کہ کسی سری لنکائی کرکٹر پر آئی سی سی نے میچ فکسنگ کے الزامات لگائے ہیں ان سے قبل سابق کپتان سنت جے سوریا پر بھی فکسنگ اورکرپشن کے الزامات لگائے گئے تھے۔ زوئیسا کے پاس ان الزامات کا جواب دینے کے لیے یکم نومبر سے 14دن کا وقت ہو گا اور کسی قسم کا جواب نہ دینے کی صورت میں آئی سی سی ان کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ 30 ٹسٹ اور 95 ونڈے میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے نووان زوئیسا 2007 میں کرکٹ سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT