Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / سابق فوجی گریوال کی آخری رسومات

سابق فوجی گریوال کی آخری رسومات

بھیوانی۔/3نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سخت حفاظتی انتظامات کے دوران سابق فوجی رام کشن گریوال کی آخری رسومات آج ہریانہ میں ان کے آبائی گاؤں میں انجام دے دی گئیں، جن کی ایک رتبہ ۔ ایک وظیفہ کے مطالبہ پر خودکشی کے بعد زبردست سیاسی وبال پیدا ہوگیا ہے۔ آخری رسومات میں سیاسی قائدین بشمول راہول گاندھی، چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال شریک تھے۔ گریوال کے بڑے فرزند دلاور نے ہزارہا افراد کی موجودگی میں آج دوپہر میں چتا کو آگ دکھائی۔ جبکہ یہ لوگ موضع بملا کے اطراف واکناف کے علاقوں سے آئے تھے۔70سالہ سابق فوجی جو کہ اس گاؤں کے سابق سرپنچ تھے نئی دہلی میں منگل کی شام زہر کھاکر خودکشی کرلی تھی۔ اس واقعہ پر کل زبردست سیاسی ہنگامہ برپا ہوگیا تھاجب کانگریس نائب صدر اور چیف منسٹر دہلی اور دیگر اپوزیشن قائدین نے اس مسئلہ پر نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے کل رات دیر گئے تک مذکورہ قائدین کو ہاسپٹل میں داخل ہونے سے روک دیا جہاں پر گریوال کی نعش رکھی گئی تھی اور یہ قائدین ہاسپٹل کے باہر ہی گھنٹوں ٹھہرنے پر مجبور ہوگئے۔ نئی دہلی میں کل کے واقعات کے پیش نظر آج آخری رسومات کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی بذریعہ کار دہلی سے یہاں پہنچے اور گریوال کے سوگوار خاندان کے ساتھ چند لمحات گذارے ۔ اس موقع پر’’ رام کشن امر ہے‘‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔ دیگر کانگریس قائدین بشمول چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا، ہریانہ کانگریس صدر اشوک تنور، کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر کرن چودھری، کماری شلیجہ اور کلدیپ بشنوئی بھی موجود تھے۔

 

راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف
کانگریس کا احتجاج
وارانسی، /3نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کو دہلی پولیس کی طرف سے کل حراست میں لیے جانے کے خلاف آج کانگریسی کارکنوں نے اتر پردیش کے شہر وارانسی میں دھرنا دے کرناراضگی ظاہر کی اور قصوروار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔کانگریس ممبر اسمبلی اجے رائے کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے آج مقامی بھارت ماتا مندر احاطے میں کافی دیر تک دھرنا دیا۔ مسٹر رائے نے الزام لگایا کہ دہلی پولیس نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کے اشارے پر قانون اور جمہوری اقدار کو بالائے طاق رکھ کر مسٹر گاندھی کو حراست میں لیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت شہید فوجی کے لئے انصاف کی مانگ کو دبانے کے لئے ان کے لواحقین سے مسٹر گاندھی اور دیگر رہنماؤں کو اسپتال میں نہیں ملنے دیا۔ مسٹر رائے نے دہلی پولیس کمشنر کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT