Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سابق ڈی جی پی اور دیگر شک کے گھیرے میں

سابق ڈی جی پی اور دیگر شک کے گھیرے میں

حیدرآباد۔ 11 اگست (سیاست نیوز) سابق نکسلائٹ نعیم کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد اس کی غیرقانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی اب متحدہ آندھرا پردیش کے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے دو ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے پوچھ گچھ کا ارادہ رکھتی ہے۔ اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ سابق ڈی جی پی اپنے عہدہ سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی نعیم سے مسلسل ربط میں تھے اور بعض اراضی تنازعات میں انہوں نے مدد حاصل کی تھی۔ مذکورہ ڈی جی پی کی دوستی نعیم سے اُس وقت ہوئی تھی جب وہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدہ پر فائز تھے اور نعیم نے ان کے ساتھی آئی پی ایس عہدیدار کے ایس ویاس کو ایل بی اسٹیڈیم میں چہل قدمی کے دوران گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد سابق ڈی جی پی نے نعیم کو اپنا مخبر بنالیا تھا اور طویل عرصہ تک اس کا استعمال کیا گیا جس میں ماؤسٹ پارٹی کے اہم ارکان کا خاتمہ شامل ہے۔ سابق ڈی جی پی کی جانب سے عام انتخابات میں نعیم نے مبینہ طور پر تشہیری مہم میں بھی مدد کی تھی۔ دو ایڈیشنل ایس پیز نے بھی نعیم سے تعلقات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ذاتی مفادات کیلئے اسے استعمال کیا۔ ایس آئی ٹی ان عہدیداروں کو تحقیقات کے سلسلے میں طلب کرسکتی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT