ساحلی آندھراپردیش کے اضلاع شدید کہر کاشکار

حیدرآباد 17جنوری (یواین آئی )ساحلی آندھراپردیش کے اضلاع ان دنوں شدید کہر کاشکار ہیں۔یہ صورتحال گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ایسی ہی صورتحال رہے گی۔اگرچہ کہ دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگیا ہے تاہم صبح کے اوقات میں شدید کہر کی چادر دیکھی جارہی ہے ۔ اس کہر کے سبب گاڑیوں کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی ۔کئی مقامات پر صبح 9بجے تک بھی گاڑی سوار شدید کہر کا سامنا کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں وہ گاڑیوں کی لائٹس کھولنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔اس کہر کے سبب قومی شاہراہوں پر مشکل صورتحال کا گاڑی سواروں کو سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس کہر اور دھند کے نتیجہ میں سڑکوں پر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیاں نظر نہیں آرہی ہیں۔ کہر کے سبب صبح کے اوقات میں چہل قدمی کرنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اگر چہ کہ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سرما کے موسم کے خاتمہ کا آغاز ہوچکا ہے تاہم اس کے باوجود صبح کے اوقات میں دھند دیکھی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT