Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / سادھوی پرگیہ کو کلین چٹ، شہید ہیمنت کرکرے کی توہین کے مترادف

سادھوی پرگیہ کو کلین چٹ، شہید ہیمنت کرکرے کی توہین کے مترادف

مالیگاؤں، درگاہ اجمیر شریف اور مکہ مسجد دھماکوں کے ملزمین کو بے قصور ثابت کرنے مرکز کی کوششوں کی مذمت : ڈگ وجئے سنگھ

حیدرآباد 17 مئی (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے مالیگاؤں، مکہ مسجد اور درگاہ اجمیر میں دھماکے کرنے والے دائیں بازو کے انتہا پسندوں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور دوسروں کو کلین چٹ دیتے ہوئے شہید ہیمنت کرکرے کی توہین کا الزام عائد کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ بی جے پی نے قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی تحقیقات میں مداخلت کرتے ہوئے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے علاوہ دوسروں کو کلین چٹ دینے کے لئے دباؤ ڈالا ہے۔ یہ رجحان ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ہیمنت کرکرے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ مالیگاؤں، مکہ مسجد اور درگاہ اجمیر کے بم دھماکوں میں دائیں بازو کے انتہا پسند ملوث ہیں۔ لیکن مرکزی حکومت انھیں بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنی نگرانی میں ان بم دھماکوں کی تحقیقات کرائے۔ آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری نے ہیلی کاپٹر معاملت میں نہرو گاندھی خاندان کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے ان کردار کو مسخ کرنے کی کوشش کرنے کا وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیا۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس کی زیرقیادت یو پی اے حکومت میں اس معاملہ میں غلطی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

قبل ازیں بوفورس معاملت میں بھی نہرو گاندھی خاندان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ تاہم عدلیہ میں نہرو گاندھی خاندان بے قصور ثابت ہوا۔ بی جے پی منظم سازش کے تحت ان کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے گاندھی خاندان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کررہی ہے مگر وہ اپنے ناپاک ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ نہرو گاندھی خاندان کے خلاف اٹلی کی عدالت میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا جس کا مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے بھی اعتراف کیا۔ تاہم وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی تقاریر میں اٹلی عدالت کا غلط حوالہ دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے دو سالہ دور حکومت میں ہیلی کاپٹر معاملت میں رقم لینے والوں کی نشاندہی کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ (کے سی آر) دو سال گزرنے کے باوجود انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ تلنگانہ پر خاندانی راج قائم ہوگیا ہے۔ تمام شعبوں میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کے معاملت میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کانگریس قائدین کے اختلاف رائے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ تقسیم ریاست میں جو بھی وعدے کئے گئے تھے کانگریس پارٹی اُس پر قائم رہے گی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں منعقدہ تلنگانہ پردیش کانگریس عاملہ اور رابطہ کمیٹی اجلاسوں کے فیصلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ نچلی سطح سے پارٹی کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ٹی آر ایس حکومت کے مخالف عوام فیصلوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ اجلاس میں نمستے تلنگانہ اور ٹی نیوز کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT