Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / سارہ احمد کانسہ کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی پہلی اتھلیٹ بن گئیں

سارہ احمد کانسہ کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی پہلی اتھلیٹ بن گئیں

ریوڈی جنیرو 11 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) چہار شنبہ کو مصری ویٹ لفٹر سارہ احمد خواتین کے 69 کلوگرام کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی وہ پہلی ایتھلیٹ بن گئی ہیں جنھوں نے اولمپکس میں کسی بھی مقابلے میں کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔حجاب میں ملبوس 18 سالہ سارہ احمد نے 255 کلوگرام وزن اٹھا کر چینی شیانگ یانمے اور قزاقستان کی ظہیرہ زاپارکول کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مصر نے ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں آخری بار 1948 میں اولمپکس تمغہ جیتا تھا۔ادھر کویت کے نشانہ باز فہید الدیحانی ڈبل ٹریپ مقابلے میں سونے کے تمغے کے حقدار قرار پائے۔ تاہم انھیں یہ تمغہ کویت کے پرچم تلے نہیں بلکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے پرچم تلے دیا گیا۔وہ آئی او سی کے پرچم تلے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔کویتی حکومت کی ملک میں کھیلوں کے انتظام میں مداخلت پر اولمپکس کمیٹی سے تنازعہ کی وجہ سے ریو اولمپکس میں کویت کے کھلاڑی اپنے ملک کی جانب سے شریک نہیں ہیں۔ریو میں جاری اولمپکس مقابلوں کا پانچواں دن برطانیہ کے لیے اچھا رہا اور اس کے ایتھلیٹس نے سونے کے دو اور کانسی کے چار تمغے حاصل کیے تاہم امریکہ اب بھی 11 طلائی تمغوں سمیت کل 32 تمغے جیت کر میڈل ٹیبل پر سرفہرست ہے۔۔ادھر امریکی خواتین کی تیراکی کی ٹیم نے چار ضرب دو سو میٹر فری ا سٹائل مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کر کے امریکہ کو پانچویں روز بھی پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست رکھنے میں مدد دی۔امریکی ٹیم کی قیادت کیٹی لیڈیکی نے کی اور یہ ان کا ریو میں تیسرا طلائی اور مجموعی طور پر چوتھا تمغہ ہے۔اس مقابلے میں آسٹریلیا نے چاندی، جب کہ کینیڈا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔سپین کی مشہور تیراک مِریا بیلمونتے گارسیا نے بالآخر سونے کا تمغہ حاصل کر لیا۔

دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتنے کے بعد انھوں نے دو سو میٹر بٹرفلائی مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ جب کہ امریکی کیٹی لیڈیکی اول آئی تھیں۔امریکہ نے اب تک ان مقابلوں میں کل 32 تمغے جیتے ہیں۔پانچویں روز برطانیہ کے لیے خاصا اچھا رہا اور اس کے کھلاڑیوں نے دو طلائی تمغوں سمیت 6 تمغے حاصل کر کے اپنے ملک کو پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر پہنچا دیا۔جو کلارک نے کشتی رانی میں، جب کہ کرس میئرز اور جیک لا نے سِنکرونائئزڈ ڈائیونگ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔جاپان کے کوہیے اچیمورا نے مردوں کی جمناسٹکس میں ایک اور تمغہ حاصل کر کے اپنے اولمپک طلائی تمغوں کی تعداد تین تک پہنچا دی۔27 سالہ جمناسٹ نے ایک سخت مقابلے کے بعد افقی بار پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کے اولیگ ورنیائف کو شکست دی۔تمغوں کی دوڑ میں چین بدستور دوسرے نمبر پر ہے۔ پانچویں روز ڈنگ ننگ نے خواتین کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کر کے اپنے ملک کے طلائی تمغوں کی تعداد دس تک پہنچا دی۔ چین کے کل تمغوں کی تعداد 23 ہے۔

TOPPOPULARRECENT