Monday , April 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / سارہ تنڈولکرکا جعلی اکاونٹ بنانے والا انجینئرگرفتار

سارہ تنڈولکرکا جعلی اکاونٹ بنانے والا انجینئرگرفتار

ممبئی۔8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کی بیٹی سارہ تنڈولکر کے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے والے سافٹ ویرانجینئرکو گرفتار کرلیا گیا۔سچن اور ان کی بیٹی سارہ کی زندگی کی مشکلات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ چند روز قبل سارہ سے محبت کے دعویدار اور اسے فون پر اغوا کرنے کی دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کیا گیا تھا ابھی اس معاملے کو ختم ہوئے چند دن ہی گزرے ہیں کہ ایک اور پریشانی کھڑی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق سارہ تنڈولکر کے نام سے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے والے سافٹ ویرانجینئرکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ دراصل 2017 کا ہے، اس شخص نے سارہ کے نام سے فرضی اکاؤنٹ بناکر نیشنل کانگریس پارٹی کے لیڈر شرد پوار کے خلاف توہین اور ہتک آمیز تبصرے کیے تھے۔معاملہ سامنے آنے کے بعد سچن کے پرسنل اسسٹنٹ نے ممبئی کی سائبر پولیس میں سارہ کے نام سے فرضی اکاؤنٹ بنانے والے شخص کیخلاف شکایت درج کروائی تھی۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جس وقت جعلی اکاؤنٹ سے تبصرے کیے گئے اس وقت سارہ اپنی تعلیم کے سلسلے میں لندن میں موجود تھیں۔سائبر پولیس کی جانب سے کی جانے والی تفتیش کے بعد جعلی اکاؤنٹ بنانے والے 39 سالہ شخص نتن سیشود کو تعزیرات ہند اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ اس کے قبضے سے لیپ ٹاپ، دو موبائل فونز، راؤٹراور کمپیوٹر سے متعلق دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے بموجب فرضی اکاؤنٹ موبائل فون سے بنایا گیا ہے جس میں سارہ کی تصویر بھی استعمال کی گئی ہے پولیس موبائل نمبر اور آئی پی ایڈریس کے ذریعہ ہی اس شخص تک پہنچی ہے۔سافٹ ویرانجینئرنتن کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا جہاں اس کے وکیل نے کہا کہ نتن بے قصور ہے اسے پھنسایا گیا ہے، عدالت نے دونوں جانب کا موقف سننے کے بعد نتن کو 9 فروری تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT