Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / ساری دنیا کے مسلمانوں کو مارک زوکر برگ کی بھرپور تائید

ساری دنیا کے مسلمانوں کو مارک زوکر برگ کی بھرپور تائید

امریکی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد مسلمانوں کے حق میں عالمی حمایت
نیویارک۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ساری دنیا کے مسلمانوں کی بھرپور حمایت کرنے کا عہد کرتے ہوئے سوشیل نیٹ ورک کی معروف ویب سائیٹ ’’فیس بُک‘‘ کے سی ای او مارک زوکر برگ نے کہا کہ اُن کا سوشیل نیٹ ورکنگ گروپ ، مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ساری دنیا سے نبردآزما ہوگا۔ ان کیلئے ایک پرامن اور محفوظ ماحول پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ کل فیس بُک پوسٹ میں زوکربرگ نے لکھا ہے کہ ’’مَیں مسلمانوں کے حق میں اپنے طبقہ اور ساری دنیا کے اندر اپنی آواز اُٹھانا چاہتا ہوں۔ پیرس حملوں اور اس ہفتہ نفرت پر مبنی دیئے گئے بیان (ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا ریمارک)کے بعد میں صرف یہی تصور کرسکتا ہوں کہ مسلمانوں کے اندر خوف کا احساس پیدا ہوا ہوگا۔ دوسروں کی غلطیوں کی سزا انہیں ملے گی۔31 سالہ زوکربرگ کا تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب پیر کے دن امریکی ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے دُنیا بھر کے مسلمانوں کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکنے کی اپیل کی تھی۔ زوکربرگ نے اپنے فیس بک پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ اگر آپ اس برادری کے اندر ایک مسلمان ہیں، میں فیس بُک کے لیڈر کی حیثیت سے آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ آپ اس وقت تنہا نہیں ہیں بلکہ آپ کا ہر وقت یہاں خیرمقدم کیا جائے گا۔ ہم آپ کے حقوق کے تحفظ کیلئے لڑیں گے۔ آپ کے حق میں پرامن اور محفوظ ماحول پیدا کریں گے۔ بحیثیت ایک یہودی میرے والدین نے یہ درس دیا ہے کہ تمام طبقات پر ہونے والے حملوں کے خلاف ہمیں بہرصورت اُٹھ کھڑے ہونا چاہئے۔ اگر اس وقت کوئی حملہ ہوتا بھی ہے تو یہ آپ کے خلاف نہیں ہوگا۔ کسی کی آزادی پر جب کوئی حملہ ہوتا ہے تو اس سے ہر کوئی درد محسوس کرے گا۔ زوکربر گ جن کے ہاں حال ہی میں لڑکی پیدا ہوئی، کہا کہ خدا نے ہمیں بیٹی دے کر ہمارے اندر بے شمار توقعات پیدا کردی ہیں، لیکن اس طرح کی نفرت کی دیواریں کھڑی کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس دیوار کو اونچی ہونے سے پہلے ہی منہدم کردینا چاہئے۔ ہمیں اُمید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ہم سب کو مل جل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایک دوسرے میں اچھائی کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد ہی ہم اپنے عوام کیلئے ایک بہترین دنیا بنا سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT