Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / سال 2019 میں مرکز اور تلنگانہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار

سال 2019 میں مرکز اور تلنگانہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار

ٹی آر ایس کی کامیابی عارضی ، کانگریس قائدین کی حوصلہ افزائی ، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 13 سالہ ٹی آر ایس کا 130 سالہ کانگریس سے کیا مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ 2019 کے عام انتخابات میں مرکز اور تلنگانہ میں کانگریس پارٹی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اپنے اسمبلی حلقہ کوداڑ میں کانگریس پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی قربانیوں سے کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کو فائدہ ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس کی کامیابی عارضی ہے ۔ کانگریس کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ 2019 کے عام انتخابات کے دوران مرکز اور تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی اور کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے ۔ انہوں نے بغیر استعفیٰ کے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے کانگریس قائدین کو بھگوڑے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کانگریس چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے تمام قائدین کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس کے اصولوں پر ایقان رکھنے والے قائدین اور کارکن کانگریس کے سپاہی ہے اور وہی عوام کے درمیان پہونچکر کام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو اقتدار کی دہلیز تک پہونچا دیں گے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے اور سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں ۔ فلاحی اسکیمات کو نظر انداز کرتے ہوئے واٹر گرڈ مشن کاکتیہ پر کروڑہا روپئے خرچ کیا جارہا ہے ۔ حکومت کی تشہیر پر 250 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو ایکس گریشیا نہ دینے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو دیہی سطح سے مستحکم کرنے کے لیے جون کے اواخر تک اضلاع کانگریس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ آئندہ ماہ منڈل اور بوتھ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے مقامی اداروں کے منتخب کانگریس کے عوامی نمائندوں کو تربیت فراہم کی جائے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT