Friday , July 20 2018
Home / شہر کی خبریں / ساؤتھ زون آر ٹی اے دفتر میں دھاندلیاں، خدمات محدود کرنے پر غور

ساؤتھ زون آر ٹی اے دفتر میں دھاندلیاں، خدمات محدود کرنے پر غور

عہدیداروں اور درمیانی افراد پر کڑی نظر، ڈرائیونگ ٹریک کو کالعدم کرنے کی تجویز

حیدرآباد۔18مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں موجود آر ٹی اے دفتر میں جاری بدعنوانیوں کے سبب آرٹی اے دفتر کی ساکھ شدید متاثر ہوچکی ہے اور ترقیاتی کامو ںمیں رکاوٹ پیدا ہونے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔شہر حیدرآباد میں ساؤتھ زون آر ٹی اے دفتر میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے انکشاف نے اعلی عہدیداروں کو مخمصہ میں ڈال دیا ہے اور اب وہ پرانے شہر کے اس آر ٹی اے دفتر میں زیر تعمیر ڈرائیونگ ٹریک کی منظوری کو کالعدم قرار دینے کے متعلق غور کر رہے ہیں کیونکہ آر ٹی اے میں بدعنوانیوں کا انکشاف کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن پرانے شہر میں آئے دن بدعنوانیوں کے سبب عہدیداروں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران جوکروڑہا روپئے کی دھاندلیوں کے انکشاف ہوئے ہیں اس کے سبب ریاست کے اعلی عہدیدار اس آر ٹی اے دفتر کے مستقبل کے متعلق غور کرنے پر مجبور ہوگئے۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ساؤتھ زون آر ٹی اے دفتر میں خدمات کو محدود کرنے کے علاوہ قدیم گاڑیوں کے رجسٹریشن اور از سر نو رجسٹریشن کو بند کردیئے جانے کے متعلق غور کیا جا رہاہے ۔بتایاجاتا ہے کہ اس دفتر میں پائی جانے والی بدعنوانیوں کو دیکھتے ہوئے اس بات پر غور کیا جا رہاہے کہ ساؤتھ زون آر ٹی اے دفتر کو لرننگ لائسنس اور نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کی حد تک محدود کیا جائے اور پیشہ ور ڈرائیور کے لائسنس ‘ گاڑیوں کے از سر نو رجسٹریشن اور قدیم گاڑیوں کے فٹنس کے امور جو اب تک اس دفتر میں انجام دیئے جاتے تھے انہیں بند کردیا جائے ۔وزارت ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق اب تک موصول ہونے والی شکایات کے علاوہ حالیہ عرصہ میں منظر عام پر آئے اسکام کے بعد سے آر ٹی اے دفتر کے عہدیداروں اور دفتر کے اطراف کے درمیانی افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ اس بات کا پتہ چلایاجاسکے کہ دفتر کے اندر چلائے جانے والے اس اسکام کے پس پردہ کون ہیں اوران کی حوصلہ افزائی کس طرح کی جا رہی ہے۔روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے پرانے شہر کے اس دفتر میں خدمات کو محدود کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے مجوزہ فیصلہ کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کافی غور کے بعد عہدیداروں نے اس سلسلہ میں حکومت کو تجاویز روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT