Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / سب انسپکٹر پولیس کی خود کشی پر سی بی سی آئی ڈی تحقیقات ، نکسلائٹس کی ہلاکت پر اظہار افسوس

سب انسپکٹر پولیس کی خود کشی پر سی بی سی آئی ڈی تحقیقات ، نکسلائٹس کی ہلاکت پر اظہار افسوس

تلنگانہ میں ماویسٹوں کی سرگرمیوں کی تردید ، تلنگانہ بھون میں یوم آزادی حیدرآباد تقریب ، وزیر داخلہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون میں آج سقوطِ حیدرآباد کی تقریب منائی گئی۔ اگرچہ حکومت نے سرکاری طور پر ان تقاریب کے انعقاد کے بی جے پی کے مطالبہ کو مسترد کردیا لیکن تلنگانہ بھون میں یوم آزادی حیدرآباد کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پارٹی کے سینئر قائد اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ 17ستمبر ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس دن ریاست حیدرآباد کا انڈین یونین میں انضمام عمل میں آیا۔ انہوں نے اس تقریب میں متعلقہ موضوع پر خطاب کرنے کے بجائے موجودہ حالات پر تقریر کی اور اپوزیشن جماعتوں کے مخالف حکومت ایجنڈہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات کو اپوزیشن جماعتیں سیاسی رنگ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ پست ہمت ہوکر خودکشی کا راستہ اختیار نہ کریں کیونکہ حکومت ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے تیار ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کسانوں کی ہر طرح سے مدد کرنے کیلئے حکومت نے تہیہ کرلیا ہے اور ہر ضلع میں کسانوں کیلئے ہیلپ لائن سنٹر اور عہدیداروں کے ساتھ خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ پیداوار کی مناسب امدادی قیمت نہ ملنے اور آبپاشی کیلئے پانی کی کمی کے باعث کسان مختلف مسائل سے دوچار ہیں لہذا ٹی آر ایس حکومت نے کئی آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت ہر ضلع میں گودام قائم کرتے ہوئے کسانوں کی پیداوار کے حصول اور انہیں محفوظ کرنے کے انتظامات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ چھوٹے تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ کیا جارہا ہے تاکہ خشک سالی کے مسئلہ کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی پیداوار کی بہتر امدادی قیمت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل اور آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل میں مصروف حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مہم افسوسناک ہے۔ نرسمہا ریڈی نے بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سب انسپکٹر پولیس رمیش کی مشتبہ حالت میں موت کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کے واقعات مسائل کا حل نہیں ہے اور حکومت محکمہ پولیس کی ہر ممکن مدد کررہی ہے تاکہ ملازمین پولیس کے معیار زندگی کو بلند کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں قصوروار پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے ورنگل میں پولیس انکاؤنٹر میں دو نکسلائیٹس کی ہلاکت کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تلنگانہ میں دوبارہ ماوسٹوں کے سرگرم ہونے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔حیدرآباد کے یوم آزادی کی تقریب میں رکن پارلیمنٹ بی سمن، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ، رکن قانون ساز کونسل سرینواس ریڈی، حکومت کے مشیر اے کے اگروال اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT