Monday , December 11 2017
Home / جرائم و حادثات / سب انسپکٹر کے ایک خاتون سے ناجائز تعلقات

سب انسپکٹر کے ایک خاتون سے ناجائز تعلقات

بیوی کا احتجاج۔ شوہر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ /4 نومبر (سیاست نیوز) سب انسپکٹر کے ایک خاتون سے ناجائز تعلقات اور مزید جہیز کی ہراسانی کے خلاف اس کی بیوی نے آج سماجی کارکنوں کے ہمراہ علاقہ عنبرپیٹ میں اچانک احتجاج کیا جس کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ افضل گنج پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر این کرونا کمار کی شادی 2011 ء میں وجئے رانی سے ہوئی تھی اور شادی کے موقع پر لڑکی کے والدین نے سب انسپکٹر کو 15 لاکھ جوڑے گھوڑے کی رقم ، تین لاکھ مالیتی طلائی زیورات اور دو لاکھ کے فکسڈ ڈپازٹ رقم حوالے کی تھی ۔ کرونا کمار اور وجئے رانی کو لڑکی تولد ہوئی تھی ۔ اسی دوران سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر 2013 ء میں خانگی دواخانہ کی ایک نرس انوشا سے ناجائز تعلقات پیدا کرلئے جس کے نتیجہ میں کرونا کمار اور وجئے رانی کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ۔ 2014 ء میں سب انسپکٹر کے خلاف اس کی بیوی نے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی اور سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا تھا ۔ کرونا کمار ڈیوٹی پر بحال ہونے کے بعد وہ افضل گنج پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہوگیا لیکن اس نے انوشا سے تعلقات قائم رکھے ہوئے تھے جس کے نتیجہ میں پھر ایک مرتبہ سب انسپکٹر کے خلاف سنتوش نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ گزشتہ ایک سال سے کرونا کمار عنبرپیٹ ڈی ڈی کالونی میں واقع جئے راج اپارٹمنٹ کی ساکن نرس انوشا کے ساتھ اپنی زندگی گزاررہا تھا اور اس بات کا پتہ چلنے پر بیوی وجئے رانی نے آج مہیلا منڈل اور دیگر سماجی کارکنوں کی مدد سے نرس کے مکان پر اچانک حملہ کردیا اور ناجائز تعلقات کے خلاف احتجاج کیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور عنبر پیٹ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT