سجن کمار کو سزائے عمر قید کا خیرمقدم

گجرات فسادات کے ذمہ داروں کو بھی سزا کی اُمید : کجریوال
نئی دہلی 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے 1984 ء کے مخالف سکھ فسادات میں کانگریس کے سینئر لیڈر سجن کمار کو سزائے عمر قید دیئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے منگل کو یہ اُمید ظاہر کی کہ ان فسادات میں ملوث دیگر ’بڑے قائدین‘ اور ان کے علاوہ مظفر نگر اور گجرات کے فرقہ وارانہ فسادات کے سازشیوں کو بھی سزائیں دی جائیں گی۔ کجریوال نے کہاکہ عام آدمی امن پسند ہوتے ہیں اور ہم آہنگی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن ’سیاسی طور پر‘ فسادات بھڑکائے جاتے ہیں۔ کجریوال نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’1984 ء کے فسادات کے مقدمہ میں سجن کمار کو مجرم قرار دینے سے متعلق دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کا میں خیرمقدم کرتا ہوں۔ اس (مقدمہ کی یکسوئی) کیلئے کافی وقت لگا ہے۔ اس میں تاخیر ہوئی ہے لیکن بالآخر فیصلہ ہوا ہے‘۔ کجریوال نے مزید کہاکہ ’اور مَیں اُمید کرتا ہوں کہ ان (1984 ء کے مخالف سکھ فسادات) میں ملوث دیگر ’بڑے قائدین‘ کو بھی گزرتے وقت کے ساتھ بری سے بڑی اور سخت ترین سزائیں ملیں گی۔ ان کے علاوہ خواہ وہ 2002 ء کے گجرات فسادات ہوں یا پھر 2013 ء کے مظفر نگر فسادات ہوں ان فسادات میں بھی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں میں ملوث تمام افراد کو سخت سزائیں ملیں گی‘۔

TOPPOPULARRECENT