Thursday , May 24 2018
Home / Top Stories / سدارامیا حکومت نہایت بدعنوان ، عوام سبق سکھائیں گے: دیوے گوڑا

سدارامیا حکومت نہایت بدعنوان ، عوام سبق سکھائیں گے: دیوے گوڑا

بنگلورو 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سدارامیا حکومت پر شدید حملے میں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج اسے اِس ریاست کی اب تک کی نہایت بدعنوان حکومت قرار دیا۔ عوام چیف منسٹر کو سبق سکھائیں گے جن کا ارادہ جے ڈی ایس کا صفایا کردینا ہے۔ جے ڈی ایس سربراہ نے دعویٰ کیاکہ سدارامیا 12 مئی کے اسمبلی چناؤ میں میسورو کے خود اپنے حلقے چامندیشوری میں شکست کھانے والے ہیں۔ دیوے گوڑا نے پی ٹی آئی کو انٹرویو میں ایسی قیاس آرائی مسترد کردی کہ اس چناؤ کے نتیجے میں معلق اسمبلی وجود میں آسکتی ہے۔ اُنھوں نے دوہرایا کہ جے ڈی ایس کا مایاوتی کی بی ایس پی اور چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھر راؤ کے ساتھ اتحاد سے جے ڈی ایس کے انتخابی امکانات مزید روشن ہوئے ہیں۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ ایک سدارامیا کوئی مخصوص حلقے سے چناؤ لڑنا ہے تو اُنھیں اِس کے فروغ کے لئے کام کرنا پڑے گا جو اُنھوں نے نہیں کیا۔ اُنھوں نے محض 3 ماہ قبل چامندیشوری کے دورے شروع کئے۔ اس سے کام نہیں چلے گا۔ سدارامیا کو شکست دکھائی دینے لگی ہے۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ عوام ایسے قائدین کو ووٹ دیتے ہیں جو سوسائٹی کو یکجا رکھتے ہیں اور اُنھیں تقسیم نہیں کرتے ہیں لیکن سدارامیا نے لنگایتوں اور ویرا شیوا لنگایتوں کو علیحدہ مذہبی اقلیت کی شناخت تجویز کرتے ہوئے اُنھیں منقسم کیا ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ سدارامیا کی دو حلقوں سے چناؤ لڑنے کی کوششوں نے اُن کے تعلق سے منفی نظریہ پیدا کیا ہے۔ سدارامیا بدامی حلقہ سے بھی چناؤ لڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جس سے عوام میں یہ نظریہ پیدا ہوا ہے کہ چیف منسٹر کو چامندیشوری نشست جیتنے کا اعتماد نہیں ہے۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ ہمارے امیدوار جی ٹی دیوے گوڑا طاقتور امیدوار ہیں، وہ اُنھیں شکست دیں گے۔ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ سدارامیا چامندیشوری سے چناؤ لڑیں گے جبکہ ایسی اطلاعات پائی جارہی ہیں کہ وہ ہنوز شمالی کرناٹک میں بدامی حلقہ سے بھی چناؤ لڑسکتے ہیں۔ جسے محفوظ تر نشست مانا جارہا ہے۔ رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ سدارامیا کو چامندیشوری میں سخت مقابلے کا سامنا رہے گا جہاں جے ڈی ایس اُن کے امکانات کو ختم کرنے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ عوام بھی سدارامیا کو سبق سکھائیں گے جن کا ارادہ ہے کہ جے ڈی ایس کا صفایا کردیں جس نے اُنھیں اُن کے سیاسی کیرئیر کے ابتداء میں آگے بڑھایا تھا۔ دیوے گوڑا کے مطابق سابقہ جے ڈی ایس لیڈر اور موجودہ چیف منسٹر اُن کے کٹر حریف بن چکے ہیں۔ سدارامیا کی 5 سالہ حکمرانی کے بارے میں سوال پر دیوے گوڑا نے کہاکہ یہ بدترین بدعنوان حکومت ہے جو ریاست نے دیکھی ہے۔ میں اِس حکومت کے خلاف کرپشن کے الزامات کی فہرست بیان کرنا نہیں چاہتا ۔ بدعنوانیاں بہت ہیں جو عوام جانتے ہیں۔ ایک سوال پر دیوے گوڑا نے کہاکہ اُنھیں معلق اسمبلی کی توقع نہیں ہے۔
بعض چیزوں نے جے ڈی ایس کے امکانات روشن کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT