Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / سدھیر کمیشن آف انکوائری کی رپورٹ کیلئے ماہرین معاشیات و ماہرین تعلیم سے مشاورت

سدھیر کمیشن آف انکوائری کی رپورٹ کیلئے ماہرین معاشیات و ماہرین تعلیم سے مشاورت

17 نومبر کو حیدرآباد میں اجلاس ، مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی و سماجی پسماندگی کے جائزہ اجلاس میں ملک گیر سطح کے ماہرین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر ( سیاست نیوز) مسلمانوںکی تعلیمی، معاشی اور سماجی پسماندگی کا جائزہ لینے قائم کردہ سدھیر کمیشن آف انکوائری نے رپورٹ کی تیاری کے سلسلہ میں ملک کے نامور ماہرین معاشیات و تعلیم کے ساتھ مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں  17 نومبر کو حیدرآباد میں اجلاس طلب کیا گیا جس میں ملک بھر سے کئی ماہرین شرکت کریں گے اور تلنگانہ میں مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں کمیشن کو تجاویز پیش کریں گے۔ سدھیر کمیشن آف انکوائری نے بعض ایسی شخصیتوں کو بھی مدعو کیا ہے جو مختلف ریاستوں میں اس طرح کے کمیشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مہاراشٹرا میں جسٹس کنڈو کمیشن کے سربراہ امیتابھ کنڈو نے اجلاس میں شرکت سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مختلف ریاستوں کے علاوہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کئی ماہرین، پروفیسرس اور اسکالرس کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔ ان ماہرین کے روبرو کمیشن اپنی رپورٹ پیش کرے گا جس کا جائزہ لینے کے بعد ماہرین اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ کمیشن آف انکوائری اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ حکومت کو پیش کی جانے والی رپورٹ انتہائی جامع ہو اور اس پر عمل آوری کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہو۔ کمیشن نے جسٹس راجندر سنگھ سچر کو بھی شرکت کی دعوت دی تھی ، تاہم وہ بعض مصروفیات کے سبب شرکت نہیں کرپائیں گے۔ اس اجلاس میں ملک کی مختلف ریاستوں میں پیش کردہ کمیشنوں کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاملناڈو میں 50 فیصد سے زائد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں اختیار کئے گئے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ سدھیر کمیشن آف انکوائری حکومت کو دیگر سفارشات کے ساتھ تحفظات کی فراہمی کی سفارش کرسکتا ہے۔ کمیشن کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ آئندہ سال مارچ تک حکومت کو رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ کمیشن کی رپورٹ کے بعد ریاستی حکومت بی سی کمیشن تشکیل دے گی، جسے تحفظات کی فراہمی کی سفارش کا اختیار حاصل ہے۔ کمیشن آف انکوائری دیپاولی تہوار کے بعد اضلاع کے دورہ کا منصوبہ رکھتا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT