Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / سدی پیٹ میں جاریہ تعلیمی سال میڈیکل کالج کے قیام کا امکان نہیں، اسٹاف کے تقرر کا عمل شروع

سدی پیٹ میں جاریہ تعلیمی سال میڈیکل کالج کے قیام کا امکان نہیں، اسٹاف کے تقرر کا عمل شروع

حیدرآباد 26 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے سدی پیٹ میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعض وجوہات کی وجہ سے جاریہ تعلیمی سال سے اس کالج کا قیام عمل میں نہیں آسکا۔ تاہم سال 2018-19 ء کے نئے تعلیمی سال سے سدی پیٹ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کا نہ صرف قیام بلکہ تعلیم کا آغاز بھی یقینی ہوگا کیونکہ سدی پیٹ میڈیکل کالج کیلئے تدریسی اسٹاف (ٹیچنگ اسٹاف) کے تقررات کے عمل کا آغاز ہوا ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ سدی پیٹ میڈیکل کالج کیلئے ٹیوٹر، سینئر ریسیڈنٹ و جونیر ریسیڈنٹ جیسی 38 اہم جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ریاست تلنگانہ نے باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کیا ہے اور بتایا گیا کہ فی الوقت تمام جائیدادوں پر کنٹراکٹ کی اساس پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ان تقررات کے سلسلہ میں بعض امیدواروں کے انٹرویوز کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق سدی پیٹ میڈیکل کالج کی منظوری کے سلسلہ میں اس کالج کے لئے درکار تمام اُمور کا جائزہ لینے کے لئے میڈیکل کونسل آف انڈیا کی ٹیم کا بہت جلد سدی پیٹ دورہ کا امکان ہے۔ جس کے پیش نظر حکومت بالخصوص ڈائرکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن نے عجلت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سدی پیٹ میڈیکل کالج کے اُمور کا جائزہ اور معائنہ کرنے کے لئے دورہ کرنے والی ٹیم کو مطمئن کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آعاز کیا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق حکومت تلنگانہ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے خطوط پر سدی پیٹ میڈیکل کالج کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جس کے پیش نظر اس نئے قائم کئے جانے والے سدی پیٹ میڈیکل کالج کے لئے درکار اسٹاف کے تقررات و دیگر انتظامات کو مقررہ وقت یعنی میڈیکل کونسل آف انڈیا کی ٹیم ے مجوزہ دورہ سے قبل مکمل کرلینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT