Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / سرحد پار کی دہشت گردی کی روک تھام میں سرجیکل حملے ناکام

سرحد پار کی دہشت گردی کی روک تھام میں سرجیکل حملے ناکام

خوش ہمسائیگی کیلئے ہند ۔ پاک تعلقات ناگزیر ۔ سابق وزیرداخلہ چدمبرم کا تاثر

نئی دہلی 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیرداخلہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ نگروٹا (کشمیر) میں حالیہ دہشت گردانہ حملہ اس طرح شرمناک ہے جس طرح 2008 ء ممبئی المیہ پیش آیا تھا اور اس نقطہ نظر کو ناقابل قبول قرار دیا کہ سرحد پار کی دہشت گردی کی روک تھام میں سرجیکل حملے کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر سابق مشیر قومی سلامتی شیوشنکر مینن کی تصنیف کی تقریب رسم اجراء سے مخاطب کرتے ہوئے چدمبرم نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ کی سطح پر کوئی یونیفائیڈ کمانڈ نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ ناگروٹا میں حالیہ پیش آئے المیہ اسی طرح شرمناک ہے جس طرح ممبئی میں قتل عام ہوا تھا۔ سرحد پار ۔ لائن آف کنٹرول کے اس پار کارروائی سے ہندوستانی تنصیبات اور کیمپس پر پاکستانی دہشت گردوں کو حملوں سے باز نہیں رکھا جاسکتا گوکہ سرجیکل حملوں سے سرحد پر طاقت کا توازن قائم کیا جاسکتا ہے

اور پاکستان کو یہ اشارہ دیا جاسکتا ہے کہ تم جیسا کرو گے ہم بھی ویسا ہی کریں گے۔ لیکن یہ تصور کرلینا کہ سرجیکل حملوں سے سرحد پار کی دہشت گردی پر قابو پایا جاسکتا ہے اور یہ خوش فہمی اس وقت ختم ہوگئی جب نگروٹا میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ انھوں نے یہ ادعا کیاکہ وزارت داخلہ کی سطح پر کوئی تال میل نہیں جس کی وجہ سے ہنگامی حالات میں اُلجھن اور تذبذب پیدا ہوجاتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ وزیرداخلہ کی یہ دیرینہ روایت رہی ہے کہ معتمد داخلہ، اسپیشل سکریٹری، انٹلی جنس بیورو، ڈائرکٹر RAW اور مشیر قومی سلامتی ہر روز ملاقات کرے لیکن اس طریقہ کار کو روک دیا گیا جس کی وجہ سے باہمی ہم آہنگی اور رابطہ منقطع ہوگیا اور وزارت داخلہ کی سطح یونیفائیڈ کمانڈ مفقود ہوگیا۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ عمل شروع کیا جائے، مسٹر چدمبرم نے کہاکہ اگر حکومت ایک سخت قدم اُٹھاتی ہے تو دوسری طرف سے بھی ایسا ہی جواب مل سکتا ہے لہذا پاکستان کے ساتھ خوش ہمسائیگی برقرار رکھنے کے لئے تجارت، ثقافت کا تبادلہ یا پھر عوام سے عوام کے درمیان تعلقات کے لئے پہل کی جائے۔ سرجیکل حملوں کے بارے میں چدمبرم نے کہاکہ اس کا سہرا فوج کے سر باندھنا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ 26/11 حملوں کے جواب میں ہندوستان کا ردعمل انتہائی ناقص تھا لیکن ہندوستان کی جانب سے فوجی کارروائی سے گریز قابل ستائش تھا۔

TOPPOPULARRECENT