Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / سرزمین ہند میں مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوششیں

سرزمین ہند میں مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوششیں

اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کا عزم، مولانا سید احمدالحسینی سعیدالقادری کی پریس کانفرنس

اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کا عزم، مولانا سید احمدالحسینی سعیدالقادری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) اسلام کو بدنام کرنے کی جو سازشیں عقائد کے جھگڑوں کے علاوہ زعفرانی قوتوں کی جانب سے کی جارہی ہیں، ان کا مؤثر جواب صرف اسلام کے حقیقی نظریۂ محبت و خدمت کو پیش کرتے ہوئے دیا جاسکتا ہے۔ عراق، شام، یمن کے علاوہ دیگر ممالک میں جو اسلام کے نام پر قتل و غارت گیری مچائی جارہی ہے وہ درحقیقت دین کے نام کا سہارا لیتے ہوئے کسی اور کے نظریہ کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں اور سرزمین ہند پر زعفرانی قوتیں مسلمانوں کے متعلق غلط فہمیوں کو پیدا کرتے ہوئے انھیں بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ ان حالات میں قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام کے حقیقی پیغام امن و محبت و خدمت کو عام کرنے کا آغاز کیا جائے۔ مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے بتایا کہ اشاعت دین و تعلیمات مصطفی ﷺ کو عام کرنے کا بہترین ذریعہ خدمت خلق ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ تنظیم کے ذریعہ مستحقین کی مدد کی جائے۔ اُنھوں نے بتایا کہ موسم گرما میں ’’بحر‘‘ کے نام سے پانی کی سبیلیں شہر کے مختلف مقامات پر قائم کرنے کے علاوہ اسکولی طلباء بالخصوص ایس ایس سی طلبہ کو تعلیمی کٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری کے بموجب ان کی تنظیم کی جانب سے خواتین کو خود مکتفی بنانے کے لئے دو مراکز چلائے جارہے ہیں جہاں زائداز 500 لڑکیاں و خواتین ووکیشنل کورسیس میں تربیت حاصل کررہی ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں شہروں کے سرکاری اسکولوں میں تنظیم کی جانب سے دوپہر کے کھانے کے لئے بچوں کو سہولت ہو، اس مقصد کے تحت برتن فراہم کئے جائیں گے جس میں پلیٹ، گلاس وغیرہ شامل ہے۔ تنظیم کی جانب سے غریب لڑکیوں کی شادی کے انتظامات کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نوجوانوں کو اس بات کے لئے رضامند کررہی ہے کہ وہ غریب لڑکیوں سے نکاح کریں تاکہ غریب لڑکیوں کی غربت کو دور کرنے میں یہ اقدامات معاون ثابت ہوسکیں۔ مولانا سید احمد الحسینی سعیدالقادری کے ہمراہ اس موقع پر جناب محمد احمد قادری، جناب محمد عبدالرشیدالدین، جناب خواجہ پاشاہ قادری اور دیگر موجود تھے۔ صدر قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے بتایا کہ ماہ ستمبر کے دوران عالمی کانفرنس برائے فروغ امن کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے جس میں عالم اسلام سے تعلق رکھنے والی عظیم المرتبت شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ دین میں نفرت کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اسی لئے محبت کے ساتھ خدمت کے ذریعہ عوام بالخصوص دیگر ابنائے وطن تک دین کا حقیقی پیغام پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مولانا سید احمدالحسینی سعید القادری نے قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کی جانب سے اب تک کئے گئے فلاحی اقدامات کی تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ مستقبل قریب میں تنظیم کے کاموں کو دیگر شہروں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں تنظیم اشاعت دین کے علاوہ اسوۂ صحابہؓ و اہلبیتؓ اطہارکے ساتھ اولیائے اکرام کے طریقۂ تبلیغ پر تحقیقی تصانیف بھی شائع کرتے ہوئے علمی خدمات انجام دے گی۔

TOPPOPULARRECENT