Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / سرسلہ ضلع کا افتتاح، کلکٹر اور ایس پی آفس کا قیام

سرسلہ ضلع کا افتتاح، کلکٹر اور ایس پی آفس کا قیام

تلنگانہ کا ماڈل ضلع بنانے کا عزم، کے ٹی راما راؤ کی تقریر

حیدرآباد۔/11اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں اضلاع کی تنظیم جدید اور نئے اضلاع کے قیام کے فیصلہ سے کریم نگر ضلع کو 4 اضلاع میں تقسیم کردیا گیا۔ کریم نگر کے علاوہ جگتیال، پداپلی اور راجنا سرسلہ اضلاع کی تشکیل عمل میں آئی جن کا آج رسمی طور پر آغاز عمل میں آیا ہے۔ راجنا سرسلہ ضلع کا وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے سرسلہ ٹاؤن میں افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار، ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ، رکن اسمبلی سی ایچ رمیش بابو اور دوسرے موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کلکٹر آفس اور ایس پی آفس کا افتتاح کیا۔ سرسلہ ڈی ایس پی کے موجودہ آفس میں ایس پی کا دفتر قائم کیا گیا ہے۔ کلکٹر کرشنا بھاسکر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس وشواجیت نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ راجنا سرسلہ ضلع کو تلنگانہ کے ماڈل ضلع کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام سرکاری دواخانوں میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کریں اور سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل کلاس رومس کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے ضلع کے تمام گھروں کو آئندہ دیڑھ سال میں مشن بھگیرتا کے تحت پینے کا پانی فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ کے ٹی آر نے سرسلہ کو مکمل ضلع کا درجہ دینے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جگتیال ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں جگتیال ضلع کلکٹر اور ایس پی دفاتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ کویتا کے علاوہ ارکان اسمبلی ٹی جیون ریڈی، کے ودیا ساگر راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ کلکٹر شرت اور ایس پی اننت شرما نے اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ وزیر فینانس و سیول سپلائیز ای راجندر نے پدا پلی ٹاؤن میں پدا پلی ضلع کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی ڈی منوہر ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ جی وویکانند، اریگیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین ای شنکر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ کلکٹر اے ورشنی نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر کلکٹر و ایس پی دفاتر کا افتتاح عمل میں آیا۔ اسی دوران ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما نے گوداوری کھنی کے راما گنڈم میں پولیس کمشنریٹ کا افتتاح کیا جس کے تحت پداپلی اور منچریال اضلاع آتے ہیں۔ آر ٹی سی کے صدرنشین ایس ستیہ نارائنا، کمشنر پولیس وکرم سنگھ دگل، راما گنڈم میونسپل چیرمین کے لکشمی نارائنا اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ اسی طرح پرنسپال سکریٹری ہوم راجیو ترویدی نے کریم نگر ٹاؤن میں کریم نگر پولیس کمشنریٹ کا افتتاح کیا۔ کمشنر پولیس وی بی کملاسن ریڈی، کلکٹر سرفراز احمد، رکن اسمبلی جی کملاکر، میئر ایس رویندر سنگھ اور دوسرے موجود تھے۔ کریم نگر پولیس کمشنریٹ 16منڈلوں پر محیط ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT