Wednesday , September 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / سرفراز،آفریدی،یونس اور مصباح کو تمغہ امتیاز

سرفراز،آفریدی،یونس اور مصباح کو تمغہ امتیاز

کراچی ۔16مارچ (سیاست ڈاٹ کام )حکومت پاکستان نے ملک کی کرکٹ کیلئے بے پناہ خدمات اور ملک کا نام روشن کرنے پر ٹیم کے تین سابق کپتانوں اور موجودہ کپتان سرفراز احمد کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ہر سال 23 مارچ کو مختلف شعبوں میں ملک کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف اعزازات سے نوازا جاتا ہے اور اس مرتبہ دیگر اہم شخصیات کے ساتھ حکومت پاکستان نے ٹیم کے تین سابق کپتانوں یونس خان، مصباح الحق، شاہد خان آفریدی اور موجودہ سرفراز احمد کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یونس خان ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 10ہزار رنز بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں اور ان کی زیر قیادت پاکستان نے 2009 کا ورلڈ ٹی20 جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔مصباح الحق اعدادوشمار کے لحاظ سے پاکستان کی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ہیں جبکہ ان کی زیر قیادت پاکستان نے بڑی ٹیموں کو شکست دے کر ٹسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔شاہد آفریدی نے ونڈے کرکٹ کی تیزترین سنچری بنائی تھی اور ان کا یہ اعزاز 16 سال تک برقرار رہا تھا جبکہ 2009 کے ورلڈ ٹی20 میں انہوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں فتح گر کارکردگی دکھا کر پاکستان کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کی زیر قیادت پاکستان نے 2011 کے عالمی کپ میں سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے علاوہ ٹی20 میں عالمی نمبر ایک بننے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا۔ان چاروں کھلاڑیوں کو رواں سال 23 مارچ تمغہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT