Tuesday , December 18 2018

سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ماں بیٹا گرفتار

حیدرآباد۔/12مئی، ( سیاست نیوز) شہر میں سنگین سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے والے ماں اور اس کے 16سالہ بیٹے کو سنٹرل زون پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک کیلو مسروقہ طلائی زیورات ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 36 سالہ پی منگماں ساکن وارثی گوڑہ سکندرآباد نے اپنے کم عمر بیٹے کو مبینہ طور پر سرقہ کرنے کی ترغیب دیا کرتی تھی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر جوئیل ڈیوس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار شدہ خاتون کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع کاکیناڈا سے ہے اور معاشی پریشانیوں کے سبب وہ شہر منتقل ہوکر وارثی گوڑہ علاقہ میں مقیم تھے۔ مذکورہ لڑکے نے اپنی تعلیم ترک کرنے کے بعد علاقہ میں چھوٹے موٹے سرقوں میں ملوث ہونے لگا اور مسروقہ مال فروخت کرنے کے بعد حاصل کردہ رقم ماں کے حوالے کیا کرتا تھا۔ آسانی سے روپئے کمانے کیلئے منگماں نے اپنے بیٹے کو مقفل مکانات کو نشانہ بنانے کی ترغیب دیتی تھی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT