Friday , January 19 2018
Home / شہر کی خبریں / سروے کا وطنیت سے کوئی تعلق نہیں : حکومت

سروے کا وطنیت سے کوئی تعلق نہیں : حکومت

حیدرآباد /8 اگست ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں 19 اگست کو ہونے والے سروے کے خلاف مختلف گوشوں اور سیاسی جماعتوں کی تنقید و مذمت کے باوجود ٹی آرایس حکومت نے اس ( سروے ) کے اہتمام کے منصوبے پر پیشرفت کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ اس سروے سے عوام کی وطنیت کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ قبل ازیں کئے گئے اعلان کے مطابق بشمول حیدرآباد تلنگانہ کے تمام اضلاع میں سروے ہوگا لیکن یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ جو لوگ دیگر ریاستوں یا بیرون ملک مقیم ہیں انہیں سروے کیلئے اپنے آبائی ٹاونس یا گاؤں واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پہلے ہی یہ واضح کرچکے ہیں کہ سروے کے موقع پر اپنے گھر پر موجود گی میں ناکام افراد حکومت کی سرکاری اسکیمات سے استفادہ سے محروم ہوجائیں گے ۔ راشن کارڈس ، آروگیہ شری غریبوں کیلئے گھر جیسی کئی سرکاری اسکیمات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کا انکشاف ہوا ہے اور ٹی آر ایس حکومت صرف یہ چاہتی ہے کہ حکومت کی ان سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرنے والوں کی واضح تفصیلات جمع کی جائیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت جھوٹی اسکیمات پر ایک روپئے بھی خرچ نہیں کرے گی اور اس اسکیمات میں پائی جانے والی خاطیوں کی اصلاح کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں یہ بھی کہا تھا کہ حقیقی طور پر مستحق عوام کو سفید راشن کارڈز ، آروگیہ شری ، امکنہ کی سہولتیں اور اراضیات فراہم کی جائیں گی ۔

TOPPOPULARRECENT