Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری اسکولس میں بائیو میٹرک نظام کی مخالفت پر کارروائی،اسکولس میں سی سی کیمروں کی تنصیب پر غور، وزارت تعلیم سے محکمہ تعلیمات کو ہدایت

سرکاری اسکولس میں بائیو میٹرک نظام کی مخالفت پر کارروائی،اسکولس میں سی سی کیمروں کی تنصیب پر غور، وزارت تعلیم سے محکمہ تعلیمات کو ہدایت

حیدرآباد۔20اگسٹ(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولو ں میں بائیو میٹرک حاضری نظام کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے اور ان کی تفصیلات حکومت کو روانہ کی جائیں۔ ریاستی وزارت تعلیم کی جانب سے محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ جو اساتذہ یا یونین قائدین کی جانب سے اسکولوں میں بائیو میٹرک نظام حاضری کی مخالفت کی جا رہی ہے ان کی تفصیلات حکومت کو روانہ کی جائیں تاکہ ان کے خلاف کاروائی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کو موصول ہونے والی شکایات کے مطابق ریاست کے مختلف اسکولو ںمیں بائیو میٹرک حاضری نظام کی تنصیب کی مخالفت کی جا رہی ہے اور عملہ کو بائیو میٹرک سسٹم لگانے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کوشش میں بعض اساتذہ تنظیموں کے ذمہ دار بھی ملوث ہیں۔حکومت تلنگانہ نے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں اور کالجس میں بائیو میٹرک نظام حاضری کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے ان اقدامات کے نتیجہ میںاسکولوں میں تمام عملہ کی اپنے وقت پر موجودگی لازمی ہوگی اور معیار تعلیم میں بہتری پیدا ہوگی۔ حکومت اور محکمہ تعلیم کے اس اقدام کی مخالفت کرنے والوں کا استدلال ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے بجائے ریاستی حکومت کو معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاکہ طلبہ کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ اس منصوبہ پر عمل آوری کو کسی دباؤ کے نتیجہ میں روکا نہیں جائے گا بلکہ تمام اساتذہ کی انگلیوں کے نشان حاصل کرتے ہوئے ان پر بائیو میٹرک نظام حاضری کے ذریعہ حاضری کو لازم قرار دیا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت اور محکمہ تعلیم کے اس اقدام کی مخالفت کرنے والی تنظیمیں ان لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں جو اپنی سرکاری ملازمت پر توجہ نہ دیتے ہوئے خانگی ادارو ںمیں مصروف ہیں اور ایسے لوگوں کو بچایا جا رہا ہے جو بیرون ملک رہتے ہوئے اپنی ملازمت کی جگہ حاضری لگانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیدار نے بتایا کہ جب تمام اساتذہ کی انگلیوں کے نشان حاصل کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا تو تلبیس شخصی کے ذریعہ ملازمت انجام دینے والے بھی بے نقاب ہو جائیں گے جو فرضی ناموں کا استعمال کرتے ہوئے کسی اور کی جگہ ملازمت کر رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے نواحی اسکولوں میں آئندہ چند ماہ کے دوران بائیومیٹرک نظام حاضری کی مشینیں نصب کردی جائیں گی اور یہ مشین راست ضلع ایجوکیشنل آفیسر و کمشنر ایجوکیشن کے دفتر میں موجود سسٹم سے مربوط رہی گی تاکہ حاضری میں کسی قسم کی کوئی ترمیم نہ ہونے پائے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT