Tuesday , October 16 2018
Home / شہر کی خبریں / سرکاری اسکولس میں حاضری جانچ کیلئے بائیو میٹرک نظام

سرکاری اسکولس میں حاضری جانچ کیلئے بائیو میٹرک نظام

آئندہ سال سے عمل آوری، دیگر محکمہ جات میں بھی عمل کا منصوبہ

حیدرآباد۔4مارچ(سیاست نیوز) شہر کے سرکاری اسکولوں میں بائیو میٹرک حاضری نظام برائے اساتذہ کی شروعات کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم کی جانب سے آئندہ تعلیمی سال سے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے سرکاری اسکولوں میں بائیو میٹرک نظام حاضری کو روشناس کروانے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ جاریہ تعلیمی سال کے دوران ہی اس منصوبہ پر عمل آوری کی کوششیں کی گئیں لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر ایسا نہیں کیا جا سکا تھا لیکن اب تعلیمی سال 2018-19کے دوران محکمہ تعلیم نے حیدرآباد و سکندرآباد کے تمام سرکاری اسکولو ں میں بائیومیٹرک نظام حاضری کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے اوراس سلسلہ میں اب کوئی مفاہمت نہ کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے ۔ سال گذشتہ اس عمل کی شروعات کے اعلان پر بعض گوشوں کی جانب سے کئے جانے والے اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے خاموشی اختیار کی گئی تھی اور ایک سال گذر چکا ہے اور اب حکومت کی جانب سے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لئے فوری شہر میں پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر بائیومیٹرک نظام حاضری کی شروعات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں شہرو ں میں موجود اسکولوں کے ذمہ داروں سے مشاورت کے بعد تمام اساتذہ کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کئے جائیں گے اور اساتذہ کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ اسکول پہنچنے کے ساتھ ہی انگوٹھے لگاتے ہوئے حاضری ڈالیں اور واپسی کے وقت بھی انہیں انگوٹھے کے نشان لگانے ہوں گے۔ اساتذہ کی تنظیموں کی جانب سے انگوٹھے کے نشانات کے بجائے کارڈ کی فراہمی پر زور دیا جا رہاہے جبکہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہناہے کہ کارڈ کا غلط استعمال ممکن ہے جبکہ انگوٹھے کے نشانات کے لئے فرد کی حاضری ناگزیر ہوتی ہے۔ اسی لئے کارڈ کے ساتھ ساتھ انگوٹھے کے نشان کے ذریعہ حاضری کو لازمی قرار دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے تمام شعبوں میں بائیو میٹرک نظام حاضری کو روشناس کروانا شروع کردیا ہے حتی کہ شہر میں جاروب کشوں اور صفائی عملہ کی حاضری بائیومیٹرک طریقۂ کار سے لی جارہی ہے تو ایسی صورت میں محکمہ تعلیم اور سرکاری اسکولو ں میں بائیومیٹرک نظام حاضری کی مخالفت کیا جانا مناسب نہیں ہے اسی لئے آئندہ تعلیمی سال سے بائیو میٹرک نظام حاضری کو لازمی قرار دیا جائے گا اور کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT