Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / سرکاری اسکولوں میں اساتذہ پر سوشیل میڈیا کے استعمال پر پابندی

سرکاری اسکولوں میں اساتذہ پر سوشیل میڈیا کے استعمال پر پابندی

ڈی ای او کا سرکیولر جاری، دونوں شہروں میں سب سے زیادہ چوکسی

ڈی ای او کا سرکیولر جاری، دونوں شہروں میں سب سے زیادہ چوکسی
حیدرآباد ۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی کارکردگی کے متعلق متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد حیدرآباد میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے خدمات کے اوقات کار میں سوشل میڈیا کے استعمال پر مکمل امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ و عملہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں پابند بنایا گیا کہ وہ کسی بھی طرح کے اسمارٹ فونس پر سوشل میڈیا کا استعمال دوران خدمات نہ کریں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد ڈی ای او نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کرتے ہوئے تمام اساتذہ و مدرسین کو اس بات سے واقف کروا دیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی سوشیل میڈیا میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے سبب تعلیم پر ہورہے منفی اثرات کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔ سال گذشتہ بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن اس کے کوئی خاطرخواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے لیکن اس مرتبہ محکمہ تعلیم نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے سوشیل میڈیا اکاونٹس بالخصوص واٹس اپ، فیس بک پر نظر رکھی جائے گی تاکہ اسکول میں خدمات کے اوقات کے دوران ان پر سرگرمیوں کی انجام دہی کا جائزہ لیا جاسکے۔ محکمہ تعلیم سے وابستہ ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ضلع کلکٹر اور ڈی ای او اس مسئلہ کا جائزہ لینے کے بعد سخت گیر موقف اختیار کرچکے ہیں اور اس بات کی ہدایت جاری کی جاچکی ہے کہ کسی بھی طرح کی سماجی رابطہ کی ویب سائیٹس پر خدمات کے دوران سرگرمیاں دیکھے جانے کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہیکہ بعض سرکاری اسکولوں میں موجود وائی فائی خدمات کا استعمال کرتے ہوئے اساتذہ سماجی رابطہ کی ویب سائیٹس پر مصروف ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بچوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دے پا رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود سرکاری اسکولوں کو سی سی ٹی وی کیمرے سے مربوط کرنے کے متعلق بھی تجویز محکمہ تعلیم کو پیش کی جاچکی اور توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران تمام سرکاری اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ انہیں مرکزی کنٹرول روم سے مربوط کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے تاکہ وقتاً فوقتاً اسکول میں جاری سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT