سرکاری اسکیمات سے استفادہ مسلمانوںکا حق : زاہد علی خاں

اسکالر شپس اور شادی مبارک اسکیم سے فائدہ اُٹھانے مسلمانوں پر زور

اسکالر شپس اور شادی مبارک اسکیم سے فائدہ اُٹھانے مسلمانوں پر زور
حیدرآباد۔/20مارچ، ( نمائندہ خصوصی ) سرکاری اسکیمات سے خاص کر اسکالر شپ اور شادی مبارک جیسی اسکیمات سے استفادہ مسلمانوں کا حق ہے لیکن مسلمان ان اسکیمات سے کما حقہ استفادہ نہیں کررہے ہیں۔ تاہم ’سیاست‘ اس ضمن میں مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے کی بھرپور کوشش کررہا ہے اور اس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں نے سیاست ہیلپ لائن کے عہدیداروں اور وہاں موجود اولیائے طلبہ سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیاست ہیلپ لائن کے سید خالد محی الدین اسد، سید رضوان اور فرح بھی موجود تھے۔ جناب زاہد علی خاں نے اولیائے طلبہ سے بات کرتے ہوئے پوسٹ میٹرک اسکالر شپ اور شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے آن لائن ادخال میں آنے والی مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ ایک مرحلہ پر جب انہیں بتایا گیا کہ درخواستوں کے آن لائن ادخال میں مشکل آرہی ہے تب ایڈیٹر ’سیاست‘ نے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری سے نمائندگی کرنے کا وعدہ کیا اور اولیائے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ای پاس سرور ڈاؤن ہونے پر بھی درخواست داخل کریں۔ سیاست ہیلپ لائن حکومت کو اس بارے میں توجہ دلاچکا ہے۔ اگر انتظار کرنا پڑے تو بھی انتظار کرلیں۔ شادی مبارک اسکیم کی درخواستیں داخل کرنے کے خواہاں مرد و خواتین نے بھی ایڈیٹر ’سیاست‘ سے بات کی اور کہا کہ اسمبلی میں چیف منسٹر نے اس اسکیم کو بالکل آسان بنانے کا اعلان کیا لیکن شرائط جوں کی توں برقرار ہیں جس پر جناب زاہد علی خاں نے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کو توجہ دلانے کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT