Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / سرکاری دواخانوں میں مریضوں اور ساتھ رہنے والو ںکے لیے سہولتیں

سرکاری دواخانوں میں مریضوں اور ساتھ رہنے والو ںکے لیے سہولتیں

نیلوفر دواخانہ میں نائیٹ شلٹر کا افتتاح ، وزیر صحت لکشما ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت ریاست بھر کے سرکاری دواخانوں میں مریضوں اور ان کے ساتھ رہنے والوں کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔ وزیر صحت ڈاکٹر کے لکشما ریڈی نے آج نیلوفر ہاسپٹل میں مریضوں کے ساتھ رہنے والوں کے لیے نائٹ شٹلر کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ حکومت تلنگانہ نے مختلف دواخانوں میں اسی طرح کے نائٹ شلٹرس قائم کئے ہیں تاکہ مریضوں کے ساتھ رہنے والوں کو سہولت حاصل ہوسکے ۔ واضح رہے کہ شہر کے ایک سرکاری زچگی خانہ نیلوفر ہاسپٹل میں نائٹ شلٹر کی تعمیر کا کام ایک سال قبل مکمل ہوا تھا لیکن اس کے افتتاح کے لیے وزیر صحت کے لکشما ریڈی کو فرصت نہیں ملی ۔ اس دواخانہ میں کمسن بچوں کے علاج کے لیے شہر و اضلاع سے کثیر تعداد شریک ہوتی ہے اور مریضوں کے ساتھ آنے والوں کو دواخانہ میں رہنے کے لیے سہولت فراہم کرنے نائٹ شلٹر قائم کیا گیا ۔ اب تک مریضوں کے رشتہ داروں کو دواخانہ کے احاطہ میں زیر سماں شب بسری کے لیے مجبور ہونا پڑتا تھا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں نائٹ شلٹر کے کاموں کو فروری تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ مرکز نے 5 روپئے میں سبسیڈی والا کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نائٹ شلٹرس میں پانچ روپئے میں کھانا اور پینے کے پانی کا پلانٹ بھی قائم کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت مریضوں کی مدد کرنے کے لیے تمام سرکاری دواخانوں کو عصری بنا رہی ہے ۔ لکشما ریڈی نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے غریب افراد کی نعشوں کی مفت منتقلی کا بھی انتظام کیا ہے ۔ جو مریض سرکاری دواخانہ میں دوران علاج فوت ہوں گے ان کی نعش ان کے گھر تک مفت پہونچائی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں 40 گاڑیوں کو مقرر کیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی زونل کمشنر رگھو پرساد نے بتایا کہ یہ نائٹ شلٹر پانچ منزلہ ہوں گے ۔ جن کو 2.60 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ اس تقریب میں جی ایچ ایم سی مئیر بی رام موہن بھی شریک تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT