Wednesday , December 19 2018

سرکاری دواخانوں میں معیاری علاج کی فراہمی

گھٹنوں کی تبدیلی ، گردہ و جگر کی پیوندکاری کی بھی سہولت : سی لکشما ریڈی

حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے سرکاری دواخانو ںمیں گھٹنوں کی تبدیلی کے علاوہ گردہ اور جگر کی پیوند کاری کی جا رہی ہیں اور اب تک سینکڑوں مریضوں نے سرکاری دواخانوں میں اس سہولت سے استفادہ کیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر سی لکشما ریڈی نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے تین سرکردہ سرکاری دواخانوں گاندھی ہاسپٹل‘ دواخانہ عثمانیہ اور نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں اب تک جملہ 649 گھٹنوں کی تبدیلی کے آپریشن کئے جا چکے ہیں جبکہ گردہ کی پیوند کاری کے 426آپریشن ہوچکے ہیں اور 14جگر کی پیوند کاری کے آپریشن انجام دیئے جا چکے ہیں۔ مسٹر سی لکشما ریڈی نے بتایا کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں فی الحال 25ہزار 251 بستر موجود ہیں اور حکومت نے مزید 4ہزار 263 بستروں کے اضافہ کا منصوبہ تیا رکیا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے ریاست میں موجود سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ویدیا ودھانا پریشد کے تحت چلائے جانے والے دواخانوں میں 7850 بستر ہیں جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ہیلت اینڈ فیملی اینڈ ویلفیر کے تحت چلائے جانے والے دواخانوں میں 5ہزار 648 بستر موجود ہیں ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن کے تحت موجود دواخانوں میں 9ہزار 89بستر موجود ہیں۔ آیوش کے تحت موجود دواخانوں میں 754بستر ہیں اور نمس میں 1460 بستر ہیں جبکہ مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں 450 بستر ہیں۔ مسٹر سی لکشما ریڈی نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے 932کروڑ کی لاگت سے موجودہ دواخانوں کو بہتر بنانے کے 178کاموں کو منظوری دی گئی ہے اور یہ کام جاری ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 44ڈائیلاسیس مراکز 4 ویل نیس مراکز‘ اور زچہ اور بچہ کی صحت کی نگہداشت کے لئے 39مراکز خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان مراکز میں بہتر خدمات کی فراہمی کے باعث سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ریاستی وزیر صحت ارکان قانون ساز کونسل مسٹر پی رویندر‘ مسٹر کے جناردھن ریڈی کے علاوہ دیگر کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے کے علاوہ ان دواخانوں میں معیاری علاج کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عثمانیہ دواخانہ میں 300 گھٹنوں کی تبدیلی کے آپریشن کئے گئے ہیں جبکہ 103 گردہ کی پیوند کاری کے کامیاب آپریشن کئے جا چکے ہیں اور 8جگر کی پیوند کاری کے آپریشن انجام دیئے جا چکے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں 100 گھٹنوں کی تبدیلی کے آپریشن انجام دیئے جاچکے ہیں اور 5گردوں کی پیوند کاری کے آپریشن انجام دیئے گئے ہیں۔ نمس میں 249 گھٹنوں کی تبدیلی کے آپریشن انجام دئے جا چکے ہیں جبکہ 318 گردوں کی پیوندکاری کے آپریشن انجام دیئے جاچکے ہیں اور 6 جگر کی پیوند کاری کے آپریشن انجام دیئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT