Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹروں اور اسٹاف کو یونیفارم لازمی

سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹروں اور اسٹاف کو یونیفارم لازمی

حاضری کو یقینی بنانا بھی ضروری، محکمہ صحت کے احکامات جاری
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں ( ہاسپٹلس ) میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس و دیگر اسٹاف کیلئے ڈیوٹی کے اوقات میں انہیں فراہم کردہ یونیفارم ( اپران ) زیب تن کئے ہوئے رہنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ دواخانہ کے اسٹاف کے طور پر ان کی شناخت ہوسکے۔ ریاستی کمشنر محکمہ صحت و خاندانی بہبود شریمتی وی کرونا نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو باقاعدہ طور پر احکامات روانہ کئے گئے اور ان احکامات میں مزید اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ ڈیوٹی کے اوقات میں دواخانوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں کے دوران جب محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں نے بعض سرکاری دواخانوں کا دورہ کیا تب کئی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل و دیگر اسٹاف کے ارکان انہیں فراہم کردہ یونیفارم زیب تن نہ کئے ہوئے پائے گئے اور ان میں کون ڈاکٹر ہیں اور کون دیگر اسٹاف اور کون مریض ہیں شناخت نہ ہوسکی۔ جس کی روشنی میں کمشنر ریاستی محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل و دیگر اسٹاف کیلئے ضروری رہنمایانہ ہدایات جاری کئے گئے۔ ان رہنمایانہ ہدایات کی روشنی میں سرکاری دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل و دیگر اسٹاف ارکان کو وقت کی پابندی کرنے کی سخت ہدایات دی گئیں اور کہا کہ مقررہ وقت پر دواخانہ پہنچ کر آخری مریض کی تشخیص مکمل کرنے تک دواخانہ سے واپس نہ ہونا چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT