Thursday , April 19 2018
Home / Top Stories / سرکاری دواخانوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ: چیف منسٹر

سرکاری دواخانوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ: چیف منسٹر

بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرنے کا تیقن، بائیک ایمبولنس سرویس 102 کا افتتاح
حیدرآباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کے سی آر کٹس پر عمل آوری اور سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی علاج کے باعث ان دواخانوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے اعتماد کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ان کی حکومت نے صحت عامہ کو اولین ترجیح دی ہے۔ محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کو مزید فنڈز کی ضرورت ہوگی، ان کی حکومت کی جانب سے بجٹ میں اضافی فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جاریہ پروگراموں اور اسکیمات کو وقت مقررہ کے اندر پورا کیا جائے اور مستقبل کیلئے بھی ان پروگراموں پر عمل آوری کی جائے۔ آئندہ مالیاتی سال میں زائد بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2018-19 کے بجٹ میں میڈیکل اور صحت کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ آبپاشی پراجکٹس کیلئے ہم نے اضافی فنڈز مختص کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج یہاں نیکلس روڈ پر بائیک ایمبولنس سرویس 102 کو جھنڈی دکھا کر افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ ریاست تلنگانہ میں صحت عامہ کو بہتر بنانے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے حلقہ اسمبلی گجویل کے توپران علاقہ میں 50 بستروں والے دواخانہ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر گجویل میں تعمیر کردہ 100بستر والے دواخانہ کا بھی کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر نے وزیر صحت لکشما ریڈی، پرنسپال سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت شانتی کماری سے بھی بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ماضی میں صحت عامہ کو بری طرح نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، دولتمند افراد کارپوریٹ دواخانوں میں علاج کرواتے ہیں جبکہ غریب آدمی کو صرف سرکاری دواخانوں سے اُمید رہتی ہے لہذا تلنگانہ حکومت نے سرکاری دواخانوں کی طبی خدمات کو بہتر بنانے اور عوام کیلئے بہتر سرویس فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ سرکاری دواخانوں میں 108، 102 اور 104 خدمات میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔حکومت کے پُروقار کے سی آر کٹس پروگرام پر تیزی سے عمل آوری ہورہی ہے۔ان کی حکومت میں علاج معالجہ کیلئے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کا اعتماد ہی حکومت کی کامیابی ہے۔ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے ایکشن پلان کو اسی خطوط پر تیار کیا گیا ہے کہ عوام سرکاری دواخانوں کے علاج سے مطمئن ہوجائیں۔

TOPPOPULARRECENT