Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری محکمہ جات میں ڈیجیٹل خدمات میں مسابقت

سرکاری محکمہ جات میں ڈیجیٹل خدمات میں مسابقت

جاریہ سال بلدیہ میں بھی کاغذی فائلس کی روایت ختم ہوگی ، آبرسانی کے بھی نئے منصوبے
حیدرآباد۔24اگسٹ (سیاست نیوز) سرکاری محکمہ جات میں عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کے رجحان میں ہونے والے بتدریج اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کے تمام محکمہ جات ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش میں مصروف ہو چکے ہیں لیکن ان تمام محکمہ جات کے سے ہٹ کر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کارپوریشن کو اندرون 6ماہ پیپر سے پاک بنانے کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے اس سلسلہ میں اقدامات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جاریہ سال کے اختتام تک مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر سے کاغذی فائیلس کا سسٹم ختم کردیا جائے گا اور تمام فائیلس ڈیجیٹلس کردی جائیں گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت بلدی نظم و نسق کا قلمدان دونوں ہی مسٹر کے ٹی راما راؤ کے پاس ہونے کے سبب جی ایچ ایم سی اس سلسلہ میں تیز رفتاری کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن کا کام انجام دینے میں مصروف ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تمام فائیلس کو ڈیجیٹل بنانے کے علاوہ ان فائیلس کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ای لائبریری میں جمع کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور آئندہ سال کے آغاز سے صرف آن لائن درخواستوں کی وصولی کے علاوہ سٹیزن سنٹرس پر وصول کی جانے والی کاغذی درخواستوں کو فوری ٓان لائن کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔شہر حیدرآباد کے بلدی مسائل کے متعلق جی ایچ ایم سی سوشل میڈیا کے ذریعہ شکایات کی وصولی اور ان کے حل کی اطلاعات دینے میں دیگر محکمہ جات سے آگے نکل چکی ہے اور عصری ٹیکنالوجی کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کو روبہ عمل لانے کے لئے اقدامات بھی تیز کردیئے گئے ہیں ۔بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پیپر کے بغیر دفتر کے منصوبہ کا نشانہ متعین کئے جانے کے فوری بعد دیگر محکمہ جات نے بھی اس سلسلہ میں غور کرنا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاستی سطح کے دفاتر بالخصوص محکمہ برقی اور آبرسانی کے علاوہ محکمہ صنعت نے بھی اس سلسلہ میں پیشرفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورمحکمہ پولیس کی جانب سے بھی اس بات کا جائزہ لیا جانے لگا ہے کہ ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنس کو کس طرح کاغذی کاروائیوں سے پاک بنایا جائے۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے بعض پولیس اسٹیشنوں کو تجرباتی اساس پر کاغذی کاروائیوں سے پاک بنانے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ اس میں کامیابی حاصل ہونے کی صورت میں اس منصوبہ کو ریاستی سطح پر فروغ دیا جاسکے۔ محکمہ برقی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ برقی میں موجود شعبہ جات کو آن لائن ایک دوسرے سے مربوط کرتے ہوئے ڈیجیٹل فائیلس سسٹم کو فروغ دینے کے عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ فائیلس کی یکسوئی میں ہونے والی تاخیر کو دور کیا جاسکے۔اسی طرح شہری حدود میں موجود محکمہ آبرسانی کے دفاتر کو بھی آن لائن ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے امور کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آن لائن رابطہ اور فائیلس کے موقف سے اعلی عہدیدار واقف ہو سکیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو پیپر سے پاک ادارہ بنانے کے سلسلہ میں اقدامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ جی ایچ ایم سی کو کاغذی کاروائی سے پاک بنانے کا عوام کو بھی فائدہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT