Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری ملازمت کرنے والے شوہر اور بیوی کی ایک جگہ پوسٹنگ

سرکاری ملازمت کرنے والے شوہر اور بیوی کی ایک جگہ پوسٹنگ

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے سرکاری ملازمتیں کرنے والے شوہر اور بیوی کو ایک ہی مقام پر خدمات انجام دینے کی سہولت فراہم کر کے آج احکامات جاری کئے ۔ حکومت نے اس سلسلہ میں جی او ایم ایس نمبر 182 مورخہ 21 مئی 2016 جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شوہر اور بیوی کو ایک ہی مقام پر خدمات انجام دینے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے فی الوقت مختلف مقامات پر خدمات انجام دینے والے شوہر اور بیوی کا تبادلہ کر کے انہیں ایک ہی مقام پر تعینات کرنے اعلیٰ عہدیداران محکمہ جات کو ضروری ہدایات دی گئیں ۔ اس سلسلہ میں گذشتہ ایک طویل عرصہ سے ملازمین تنظیموں کے قائدین نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے موثر نمائندگیاں کیے تھے ۔ جس پر چیف منسٹر نے واضح طور پر تیقن دیا تھا اور اس تیقن کی روشنی میں ہی چیف منسٹر نے گذشتہ دن اس مسئلہ کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی جائزہ لیا تھا اور شوہر و بیوی کو ایک ہی مقام پر خدمات انجام دینے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیوں کہ شوہر ایک ضلع میں اور بیوی ایک اور ضلع میں سرکاری ملازمتیں انجام دینے کی چیف منسٹر کو متعدد شکایتیں وصول ہوئی تھیں لہذا اب اس جاری کردہ جی او کی روشنی میں شوہر اور بیوی کی ملازمت کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے ان کے تبادلے عمل میں لائے جائیں گے ۔ اس جی او کی اجرائی پر مختلف ملازمین یونین قائدین نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا ۔۔

سویڈن کے سفیر بہرالڈ شانڈیرگ کی راجیو شرما سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : یوروپی ملک سویڈن کے ایمبسیڈر مسٹر ہیرالڈ شانڈیرگ نے آج سکریٹریٹ پہونچکر چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما سے ملاقات کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران مسٹر ہیرالڈ شانڈیرگ اور ڈاکٹر راجیو شرما کے مابین ریاست تلنگانہ میں سویڈن کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے دلچسپی رکھنے اور ریاست تلنگانہ میں مختلف کمپنیوں کے قیام کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقعوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ اب تک ہی ملک میں سویڈن کی مختلف کمپنیاں قائم رہنے اور ان کی شاندار کارکردگی سے بھی چیف سکریٹری کو مسٹر ہیرالڈ شانڈیرگ نے واقف کروایا اور کہا کہ اور بھی سویڈن کی مزید کمپنیاں ریاست تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار رہنے اور خصوصی دلچسپی رکھنے سے بھی واقف کروایا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے مسٹر ہیرالڈ شانڈیرگ کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کررہی ہے اور سویڈن کمپنیوں اور صنعت کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کرتے ہوئے دلچسپی رکھنے کی صورت میں حکومت کی جانب سے مکمل و بھرپور تعاون فراہم کرنے کا مسٹر ہیرالڈ کو واضح تیقن دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT