Thursday , June 21 2018
Home / اضلاع کی خبریں / سرکاری ملازمین کو ملک و ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا مشورہ

سرکاری ملازمین کو ملک و ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا مشورہ

بیدر میں مسلم ایمپلائیز کلچرل اسوسی ایشن کی دعوت افطار ، ریاستی صدر بڈن خان کا خطاب

بیدر میں مسلم ایمپلائیز کلچرل اسوسی ایشن کی دعوت افطار ، ریاستی صدر بڈن خان کا خطاب
بیدر۔22؍جون۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سرکاری نظام میں برسرخدمات سرکای ملازمین بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ۔ان کی دلچسپی اور ایمانداری سے سرکاری دفاتر میں بہتر ماحول بنتا ہے ۔جسم میں جیسے شیریان کی اہمیت ہے اُسی طرح سرکاری نظام بھی سرکاری ملازمین کی بڑی اہمیت ہے ۔ان خیالات کا اِظہار ڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر نے کرناٹک راجیہ مسلم ایمپلائزکلچرل اسو سی ایشن شاخ ضلع بیدر کی جانب سے بابا فنکشن ہال بیدرمیں منعقدہ دعوتِ افطار اور تہنیتی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا ۔ انھوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں سرکاری ہو‘امدادی اور غیر امدادی ادارہ جات میں ملازمین کی سخت محنت اور دلچسپی ہی ادارہ کی کامیابی کی ضامن ہوتی ہیں ۔ برسرِ خدمات مسائل تو بہت آتے ہیں مگر اُن کا حل سب کے اتحاد و اتفاق سے ہوجاتا ہے ‘آپسی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔جناب محمد اعجاز احمد خازن سرکاری ملازمین یونین ضلع بیدر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سرکاری ملازمین کو آئے دن نت نئے مسائل سامنے آکر کھڑے ہورہے ہیں جن کا حل انتہائی ضروری ہے ۔ اگر ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھ جائیں گے تو ہماری یہ کمزوری ہمارے لئے اور بڑے مسائل کھڑا کرسکتی ہے اسی لئے ہم آپسی اتحاد کے ذریعے اپنے مسائل کو حل کرسکتے ہیں ۔صدر جلسہ ایم ایم بُڈن خان ریاستی صدر کرناٹک راجیہ مسلم ایمپلائز اسو سی ایشن نے اپنے صدارتی خطاب میںبتایا کہ ملک کی ترقی میں سرکاری ملازمین کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو نظام ریڑ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔سرکاری ملازمین اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دیں اور ملک و ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔اگر ہم اپنے آپسی اتحاد کا مُظاہرہ کریں گے تو ہی حکومت سے فلاح و بہبود اور مسائل کیلئے ہر ممکن کوشش رائیگاں نہیں جائے گی۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ بیدر ضلع پسماندہ حیثیت سے ریاستِ کرناٹک میں جانا جاتا ہے مگر ڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر نے اس پسماندہ ضلع میں تعلیم کا ایک ایسا انقلاب برپا کردیا کہ یہ ضلع ریاست نہیں بلکہ ملک بھر میں تعلیمی اعتبار سے بیدر شہر کا نام روشن کردیا ۔ہم ہماری اسو سی ایشن کی جانب سے ان کی تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہیں ۔جلسہ میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر عبدالجبار ڈسٹرکٹ سروالنس آفیسر‘ جناب عنایت الرحمن سندھے ضلع آفیسر‘ و دیگر نے شرکت کی۔جلسہ کا آغاز محمد اسد اُللہ کی قراء تِ کلام پاک سے ہوا۔جبکہ محمد خلیل احمد نے نعتِ رسولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی ۔استقبالیہ کلمات محمد عبدالقیوم صدر معلم چٹگوپہ نے پڑھے۔آخر میں ڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر کی تعلیمی خدمات پر انھیں گُلبرگہ یونیورسٹی گُلبرگہ سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پیش کئے جانے پر کرناٹک راجیہ مسلم ایمپلائز کلچرل اسو سی ایشن ضلع بیدر کی جانب سے شالپوشی و گُلپوشی کرتے ہوئے انھیں مومنٹو پیش کرکے تہنیت پیش کی گئی ۔اسی طرح اسو سی ایشن کے ریاستی صدر بُڈن خان جو سرکاری خدمات سے بحسن خوبی سبکدوش ہونے جارہے ہیں ان کی بھی شالپوشی و گُلپوشی کرتے ہوئے ان کی اسو سی ایشن کے تئیں خدمات کو خوب سراہا گیا اور انھیں زبردست تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کے تئیں اپنی نیک تمنائوں کا اِظہار کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالجبار ‘پروفیسرایم معین پاشاہ سابق صدر اسو سی ایشن بیدر‘موجودہ صدر اسو سی ایشن عبدالمجید ‘محمد عقیق احمد انجینئر نائب صدر انجینئرس اسو سی ایشن اور محمد اعجاز احمد خازن کو بھی ان کی بہتر خدمات پر تہنیت پیش کی ۔اسی طرح عہدہ ترقی پر گئے مسلم سرکاری ملازمین محمد مقصود احمد خان اے ای ای ‘محمد خالد علی اے ای ای ‘محمد غوث الدین ہائی اسکول ٹیچر منا اکھیلی‘محمد واجد اقبال میر معلم بورل ‘قومی سطح پر فٹبال کا بہتر مُظاہرہ کرنے والے اسو سی ایشن ہذا کے جناب محمد نذیر احمد قریشی ‘سید عمر ہاشمی کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔سرکاری ملازمین جو خدمات سے سبکدوش ہوئے ہیں سید یوسف ہاشمی‘ غلام احمد‘ خواجہ حبیب پٹیل‘محمد علی‘ محمد مسیح الدین‘ محمد رحمت علی ‘محترمہ صفیہ بیگم کی شالپوشی و گُلپوشی کرتے ہوئے ان کی خدمات کوسرہاتے ہوئے انھیں مومنٹو پیش کیا گیا ۔آخر میں اسو سی ایشن ہذا کے تعلقہ صدور محمد عثمان علی صدر تعلقہ ہمناآباد‘محمد یونس صدرتعلقہ بیدر‘ محمد محسن انصاری صدرتعلقہ اوراد‘محمد خلیل احمد نائب صدر بیدر تعلقہ ‘ محمد شہاب الدین ڈائریکٹر گورنمنٹ ایمپلائز ‘محمدسہیل ڈائریکٹر گورنمنٹ ایمپلائز اسو سی ایشن ‘ کی بھی گُلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے ان کی بھی خدمات کے تئیں تہنیت پیش کی گئی۔ بعد ازاں تمام سرکاری ملازمین نے روزہ افطار کیا ۔اس موقع پر پُر اثر دعا کی گئی ۔پروگرام میں مسلم سرکاری ملازمین مرد و خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔نظامت کے فرائض محمد عثمان علی صدر تعلقہ ہمناباد نے بحسن خوبی انجام دئیے اور انہی کے شکریہ پر دعوتِ افطار و تہنیتی جلسہ کا اِختتام عمل میں آیا۔

TOPPOPULARRECENT