Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری ملازمین کو 10 ہزار اڈوانس نقد تنخواہ ؟

سرکاری ملازمین کو 10 ہزار اڈوانس نقد تنخواہ ؟

حیدرآباد ۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت سرکاری ملازمین کو 10 ہزار روپئے نقد رقم بطور اڈوانسڈ تنخواہ ادا کرنے کے معاملہ میں سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔500  اور 1000 کے نوٹوں کی منسوخی کے بعد عوام، ملازمین اور تمام شعبوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین روزمرہ ضروریات کی تکمیل کیلئے نقد رقم حاصل کرنے بینکس اور اے ٹی ایم کے چکر کاٹ کررہے ہیں اور گھنٹوں قطاروں میں ٹھہرنے کے باوجود معمولی رقم ہاتھ آرہی ہے، جس سے ان کا گذر بسر مشکل ہوگیا ہے۔ ریلوے بورڈ نے اپنے ملازمین کو 10 ہزار روپئے اڈوانسڈ نقد رقم بطور تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے بھی نان گزیٹیڈ ملازمین کو 10 ہزار روپئے نقد رقم اڈوانسڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ این جی اوز قائدین نے چیف سکریٹری راجیو شرما سے ملاقات کرتے ہوئے بڑی نوٹوں کی منسوخی کے بعد ریاستی ملازمین کو پیش آنے والے مسائل سے انہیں واقف کرایا ہے اور اڈوانسڈ 10 ہزار روپئے نقد رقم بطور تنخواہ فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ریاست کے معاشی صورتحال پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ طلب کردہ اجلاس میں چیف سکریٹری نے این جی اوز کے مطالبہ سے انہیں واقف کراتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام ملازمین کی تنخواہیں ان کے اپنے بینک کھاتوں میں جمع ہوتی ہے۔ 500 اور 1000 روپئے کے چلن کو بند کردینے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے بینکوں سے رقم نکالنے کی حد مقرر کردی ہے۔ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں بینکس انہیں طلب کے مطابق نقد رقم دینے کے موقف میں نہیں رہیں گے۔ لہٰذا سرکاری ملازمین کو 10 ہزار روپئے نقد رقم ادا کرتے ہوئے ان کی نومبر کی تنخواہ میں سے 10 ہزار منہا کردینے کی تجویز پیش کی ہے جس پر چیف منسٹر کے سی آر نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلز، ٹیکس، بقایا جات، رجسٹریشن فیس، شراب کی فروخت پر ہونے والی آمدنی کے علاوہ دیگر آمدنی کا جائزہ لینے کے بعد ملازمین کو راحت فراہم کرنے کے اقدامات کرنے کا تیقن دیا ہے۔ تاہم ہنوز کوئی قطعی فیصلہ نہیں ہوا لیکن سرکاری سطح پر مذاکرات جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT