Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / سرکاری ملازمین کے نئے فٹمنٹ پر عمل سے تین لاکھ ملازمین کو فائدہ

سرکاری ملازمین کے نئے فٹمنٹ پر عمل سے تین لاکھ ملازمین کو فائدہ

تلنگانہ تحریک کے دوران سرکاری ملازمین کی جدوجہد کا اعتراف ، ایٹالہ راجندر

تلنگانہ تحریک کے دوران سرکاری ملازمین کی جدوجہد کا اعتراف ، ایٹالہ راجندر
حیدرآباد۔/13مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران سرکاری ملازمین کی جدوجہد کا احترام کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے ملازمین کیلئے پے ریویژن کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے 43فیصد فٹمنٹ کا اعلان کیا جس پر عمل آوری سے 3لاکھ سے زائد ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایس ستیہ نارائنا اور دیگر ارکان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ نویں پے ریویژن کمیشن نے 39فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی جبکہ دسویں کمیشن نے 29فیصد کی سفارش کی۔ تلنگانہ حکومت کو جدوجہد کے دوران ملازمین کے تعاون کا مکمل احساس ہے اور سنہرے تلنگانہ کی ترقی کیلئے ملازمین نے جو عہد کیا حکومت اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سرکاری ملازمین کو تمام جائز سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ 43فیصد فٹمنٹ کے اعلان سے 3لاکھ ملازمین، 2.4لاکھ وظیفہ یابوں کے علاوہ مجالس مقامی اور کارپوریشنوں کے ملازمین کو بھی فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اقل ترین اور اعظم ترین تنخواہ کی حد میں اضافہ کیا ہے اس سے یہ تنخواہیں موجودہ تنخواہوں سے دوگنی ہوچکی ہیں۔ حکومت نے اقل ترین وظیفہ کو 3300سے بڑھا کر 6500 کردیا ہے۔ ملازمین کے حق میں حکومت کے اقدامات سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 6700کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا۔ 2جون 2014سے فبروری 2015ء تک کے اضافہ کو باؤنڈز کی شکل میں دیا جائے گا جو 5سال بعد مع سود ملازمین کو ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پے ریویژن کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کی الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کو ملازمین دوست حکومت قرار دیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ ملازمین بھی ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT