Monday , June 18 2018
Home / ہندوستان / سرکاری پالیسی دستاویزات کے افشا کا ریاکٹ : 5 افراد گرفتار

سرکاری پالیسی دستاویزات کے افشا کا ریاکٹ : 5 افراد گرفتار

نئی دہلی 19 فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی پولیس کرائم برانچ نے مرکز کی مختلف وزارتوں کے پالیسی دستاویزات کے افشا یا ان کے حصول کی کوشش کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان میں وزارتوں کے دو عہدیدار بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس نے اس سلسلہ میںکچھ کارپوریٹ گھرانوں پر دھاوے بھی کئے ہیں۔ پولیس کا کہنا

نئی دہلی 19 فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی پولیس کرائم برانچ نے مرکز کی مختلف وزارتوں کے پالیسی دستاویزات کے افشا یا ان کے حصول کی کوشش کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان میں وزارتوں کے دو عہدیدار بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس نے اس سلسلہ میںکچھ کارپوریٹ گھرانوں پر دھاوے بھی کئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد نے حکومت کے پالیسی فیصلوں سے متعلق بعض راز کے دستاویزات کا افشا کرنے یا ان کو حاصل کرتے ہوئے کاروباری گھرانوں کو فراہم کرنے کی کوشش کی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں دو وزارت کے عہدیدار بھی شامل ہیں جبکہ تین افراد وہ ہیں جنہوں نے درمیان میں مصالحت کار کا رول ادا کیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ ایک صحافی کے قبضہ سے کچھ حساس نوعیت کے دستاویزات بھی ضبط ہوئے ہیں اوراس کو بھی حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے ۔

کہا گیا ہے کہ یہ دستاویزات وزارت تیل سے متعلق ہیں اور مرکزی حکومت کے ادارے ان ملزمین پر گذشتہ کچھ وقت سے نظر رکھے ہوئے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان عہدیداروں اور درمیانی آدمیوں نے ریلائنس گروپ کو یہ اطلاعات فراہم کرنے کی کوشش کی تھی تاہم اس ادعا کی کسی آزادانہ یا مصدقہ ذرائع سے کوئی توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ اس دوران وزیر پٹرولیم مسٹر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اہم اور راز کے دستاویزات کا افشا معمول کی ہی بات ہے اور ایسا افشا پہلے بھی ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ یو پی اے کے دور حکومت میں ایسے واقعات کھلے عام ہوا کرتے تھے اور اب مرکز میں این ڈی اے کی نئی حکومت نے کچھ سخت اقدامات کئے ہیں اور اب صورتحال میں بہتری پیدا ہو رہی ہے ۔

انہوں نے اس خیلا کا اظہار کیا کہ اس طرح کے واقعات آزادانہ اور منصفانہ حکمرانی کے حق میں بہتر نہیں ہیں اور جو مشکوک افراد گرفتار کئے گئے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے احکام جاری کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ اس دوران دہلی پولیس کمشنر مسٹر بی ایس بسی نے میڈیا کو اس تعلق سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ کچھ افراد کارپوریٹ گھرانوں سے انعامات کے لالچ میں سرکاری دستاویزات کا افشا عمل میں لایا کرتے تھے ۔ اس بات کا نوٹ لیتے ہوئے پولیس نے شاستری بھون میں جال بچھا کر ان کو گرفتار کیا ہے ۔ مسٹر بسی نے کہا کہ تین افراد کو کچھ اہم ترین دستاویزات کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دو افراد کو پوچھ تاچھ کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT