Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / سرینا نے بہن وینس کو بھی ہرا دیا ، ریکارڈ خطابی فتح دو میچ دور

سرینا نے بہن وینس کو بھی ہرا دیا ، ریکارڈ خطابی فتح دو میچ دور

نیویارک ، 9 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز 1988ء کے بعد سے پہلے کیلنڈر گرانڈ سلام کی راہ پر بدستور گامزن ہے، جیسا کہ وہ منگل کو بڑی بہن وینس کو 6-2، 1-6، 6-3 سے شکست دے کر یو ایس اوپن سیمی فائنلس میں داخل ہوگئیں۔ تین مرتبہ کی ڈیفنڈنگ چمپئن سرینا جمعرات کے سیمی فائنل میں اٹلی کی 43 ویں رینک کی حامل روبرٹا ونسی سے کھیلیں گی، جنھوں نے فرانس کی 40 ویں رینک والی کرسٹینا ملادینویچ کو 6-3، 5-7، 6-4 سے خارج کیا ہے۔ تمام چاروں میجر ٹروفیوں کی حامل سرینا اب صرف دو کامیابیاں دور رہ گئی ہیں کہ 27 سال قبل اسٹیفی گراف کے کارنامے کے بعد سے اولین کیلنڈر گرانڈ سلام کی تکمیل کرلیں گی

اور اوپن ایرا میں گراف کے 22 سنگلز ٹائٹلس کے کریئر ریکارڈ کی برابری بھی کرلیں گی؛ پھر وہ اب تک کے ریکارڈ آسٹریلیائی مارگریٹ کورٹ کے 24 خطابات سے محض دو کم رہ جائیں گی۔ شروع سے آخر تک مقابلے میں معیاری کھیل پیش کرتے ہوئے بہنوں نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کلاسک میچ کھیلا، جہاں شائقین اور نامی گرامی شخصیتوں کی بھرپور تعداد موجود تھی۔ میچ کے بعد سرینا نے کہا: ’’یہ وینس اور میرے لئے بڑا موقع ہے۔ بہت مسابقتی کھیل ہوا۔ ہم بس ایک دوسرے کو گریٹ میچ فراہم کرنے کی کوشش کرتے رہے۔‘‘ سرینا نے 35 ونرز مارے اور 22 مرتبہ ازخود غلطیاں کئے، نیز 12 ایسس فائر کئے، جن کا آخری میچ پوائنٹ پر آیا۔ وینس کے 24 ونرز رہے، 15 ازخود غلطیاں ہوئیں اور آٹھ ایسس کھاتے میں آئے۔ دو سال کے فرق سے چھوٹی 33 سالہ سرینا نے رواں سیزن اپنا ریکارڈ 53-2 تک بہتر بنا لیا اور بہن سے مسابقت میں 16-11 کی برتری درج کرالی ، جس میں انھیں گرانڈ سلام مقابلوں میں 9-5 کا سبقت اور یو ایس اوپن کے نتائج میں 3-2 کی برتری مل گئی ہے۔ سرینا اوپن ایرا کے ریکارڈ مجموعی ساتویں یو ایس اوپن کراؤن کیلئے کوشاں ہیں، اور وہ گرانڈ سلام میں لگاتار 33 میچز اور یو ایس اوپن میں مسلسل 26 میچز جیت چکی ہیں۔ وہ آخری 2011ء فائنل ہاری تھیں۔

جوکویچ کو فائنل کیلئے سیلچ کا سامنا
دریں اثناء نواک جوکویچ نے فلیشیانو لوپیز کو 6-1، 3-6، 6-3، 7-6(7/2) سے شکست دے کر یو ایس اوپن سیمی فائنلس میں پہنچ گئے، جو اُن کے گزشتہ 22 گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں آخری چار تک 21 ویں رسائی ہے۔ ٹاپ سیڈ اور 2011ء چمپئن میجرس میں اپنا لگاتار 26 واں کوارٹر فائنل کھیلتے ہوئے نیویارک میں 55 ویں بار جیتے۔ جوکویچ موجودہ آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن چمپئن ہیں۔ انھوں نے 33 سالہ لوپیز کے خلاف پانچ مقابلوں میں پانچویں کامیابی پائی، اور جمعہ کے سیمی فائنل میں ڈیفنڈنگ چمپئن مرین سیلچ سے کھیلیں گے، جن کے خلاف اُن کا کریئر ریکارڈ 13-0 ہے۔ سیلچ فرانسیسی جو۔ولفریڈ سونگا کے مقابل آرتھر ایش اسٹیڈیم میں چار گھنٹے کی مسابقت میں 6-4، 6-4، 3-6، 6-7 (3/7)، 6-4 سے جیت کر سیمی فائنلس تک پہنچے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT