Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / سرینا ولیمز میڈل کی دوڑ سے باہر‘اولمپک کرئیر عملاًختم

سرینا ولیمز میڈل کی دوڑ سے باہر‘اولمپک کرئیر عملاًختم

ریو ڈی جنیرو۔10اگست (سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چیمپیئن سرینا ولیمز ریو اولمپکس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں ہی یوکرین کی ایلینا سیویٹولینا کے خلاف حیران کن شکست کے بعد میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں اور اولمپک کا عملاً اختتام بھی ہوگیا ہے۔عالمی نمبر 20 ایلینا سیویٹولینا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی ٹینس اسٹار سرینا کو 4-6 ‘3-6 سے شکست دی۔خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ کے اس میچ میں عالمی نمبر ایک سرینا  نے5 مرتبہ دہری غلطیاں کی جس سے ان کی مشکل میں اضافہ ہوا اور وہ شدید جدوجہدکرتی دکھائی دیں۔واضح رہے کہ خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں وینس ولیمز اور سرینا ولیمز کو چیک ری پبلک کی جوڑی لوسی سیفاروا اور باربورا اسٹریکووا کے خلاف 3-6 اور 4-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سرینا ولیمز کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایلینا سیویٹولینا نے کہا کہ مجھے واقعی یقین نہیں آرہا کہ میں نے عالمی نمبر ایک خاتون کھلاڑی سرینا کے خلاف فتح حاصل کرکے ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انھیں سرینا کے خلاف کامیابی کی توقع نہیں تھی، انہوں نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ سرینا  دوسرے سیٹ میں غلطی کریں گی۔

سیویٹولینا کا کوارٹر فائنل میں سابق ومبلڈن چیمپین  پیٹرا کوویٹووا سے مقابلہ ہوگا۔ 34 سالہ سرینا کے میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد سر فہرست 8 کھلاڑیوں میں سے صرف 2 ہی ان مقابلوں میں رہ گئی ہیں جن میں اینجلیک کربر اور میڈیسن کیز شامل ہیں۔خیال رہے کہ مینز سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ بھی ریواولمپکس کے ٹینس ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں، ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو نے اولمپکس کے افتتاحی راؤنڈ میں سربیائی کھلاڑی  جوکووچ کے خلاف کامیابی حاصل کی اور اس طرح ریو کے ٹینس مقابلوں میں مرد اور خواتین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑیوں کا اخراج ہوچکا ہے۔عالمی نمبر دو اینڈی مرے نے  دوسرے مرحلے کے میچ میں ارجنٹینا کے یوآن مناکو کے خلاف  3-6 اور1-6 کی کامیابی حاصل کی۔ پہلے مرحلے میں  لندن اولمپکس 2012 کے دفاعی چیمپیئن اینڈی مرے نے سربیا کے وکٹر ٹروئیوکی کو 3-6 اور 2-6 سے باآسانی ہرایا تھا۔عالمی نمبر تین رافیل نڈال نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ریو اولمپکس کے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ نڈال نے مینز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں اٹلی کے اینڈریاس سیپی کے خلاف 3-6 ‘ 3-6 سے فتح اپنے نام کی۔خیال رہے کہ  نڈال مینز ڈبلز کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکے ہیں، نڈال اور ان کے ہم وطن کھلاڑی مارکو نے مینز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں آسٹریا کی جوڑی اولیور مارچ اور الیگزینڈر پایا کو شکست سے دوچار کیا۔نڈال نے بیجنگ اولمپکس 2008 میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT